پنجاب سی ٹی ڈی میں بھرتی ہونے کے خواہشمند نوجوانوں کے لئے خوشخبری

پنجاب سی ٹی ڈی میں بھرتی ہونے کے خواہشمند نوجوانوں کے لئے خوشخبری

پنجاب پولیس کے محکمہ انسداد دہشتگردی (سی ٹی ڈی) نے انفارمیشن ٹیکنالوجی، سائبر سکیورٹی، سافٹ ویئر ڈویلپمنٹ اور کمپیوٹر آپریشنز سمیت 12 مختلف شعبوں میں 28 اسامیوں پر بھرتیوں کا اعلان کر دیا۔

پنجاب پبلک سروس کمیشن (پی پی ایس سی) کے اشتہار نمبر 13/2026 کے مطابق بھرتیاں تین سالہ کنٹریکٹ کی بنیاد پر کی جائیں گی، جن کے لیے پنجاب کا ڈومیسائل رکھنے والے اہل امیدوار درخواستیں دے سکتے ہیں۔

اعلان کردہ اسامیوں میں سافٹ ویئر ڈویلپر، سکیورٹی انجینئر، اسپیشل ایجنٹ، انفارمیشن سکیورٹی آفیسر، انفارمیشن سکیورٹی انجینئر، نیٹ ورک سکیورٹی اینالسٹ، اوریکل ڈویلپر اور جونیئر کمپیوٹر آپریٹر سمیت دیگر عہدے شامل ہیں۔

گریڈ 12 سے 17 تک کی مجموعی 28 اسامیوں میں سے 17 جونیئر کمپیوٹر آپریٹرز کے لیے مختص ہیں، جن میں 11 خواتین، دو خصوصی افراد، ایک اقلیتی کوٹے اور تین اوپن میرٹ کی اسامیاں شامل ہیں، جبکہ باقی 11 تکنیکی اسامیوں پر بھرتیاں اوپن میرٹ پر ہوں گی۔

بیشتر تکنیکی عہدوں کے لیے امیدواروں کے پاس کمپیوٹر سائنس، انفارمیشن ٹیکنالوجی یا سافٹ ویئر انجینئرنگ کی متعلقہ ڈگری اور مطلوبہ پیشہ ورانہ تجربہ ہونا ضروری ہے، جبکہ سائبر سکیورٹی کی متعدد اسامیوں کے لیے مخصوص پروفیشنل سرٹیفکیشنز بھی لازمی قرار دی گئی ہیں۔

جونیئر کمپیوٹر آپریٹر کی اسامیوں کے لیے انٹرمیڈیٹ کے ساتھ تین ماہ کا ایم ایس آفس ڈپلومہ یا آئی سی ایس کی تعلیمی قابلیت درکار ہے، جبکہ امیدوار کی انگریزی ٹائپنگ کی رفتار کم از کم 40 الفاظ فی منٹ ہونا ضروری ہے۔

بیشتر تکنیکی اسامیوں کے لیے عمر کی بالائی حد رعایت سمیت مرد امیدواروں کے لیے 40 اور خواتین کے لیے 43 سال مقرر کی گئی ہے، جبکہ جونیئر کمپیوٹر آپریٹرز کے لیے مردوں کی عمر کی زیادہ سے زیادہ حد 30 اور خواتین کی 33 سال ہوگی۔ خواجہ سرا امیدوار بھی درخواستیں دے سکیں گے۔

امیدواروں کو بیشتر اسامیوں کے لیے 100 نمبروں پر مشتمل 90 منٹ کا تحریری امتحان دینا ہوگا، جبکہ جونیئر کمپیوٹر آپریٹرز کے تحریری امتحان میں کامیاب امیدواروں کو ٹائپنگ اور مہارت کے امتحان کے لیے بھی بلایا جائے گا۔

فراہم کردہ اشتہار کی تفصیلات کے مطابق خواہشمند امیدوار 7 دسمبر 2026 تک پنجاب پبلک سروس کمیشن کی سرکاری ویب سائٹ www.ppsc.gop.pk کے ذریعے آن لائن درخواستیں جمع کرا سکتے ہیں۔

درخواست کی مقررہ فیس اے ٹی ایم، موبائل بینکنگ، انٹرنیٹ بینکنگ، جاز کیش، ایزی پیسہ اور دیگر منظور شدہ ذرائع سے ادا کی جا سکتی ہے۔

Related Articles