بھارتی دفاعی تجزیہ کار پراوین ساہنی نے وزیراعظم نریندر مودی کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر بھارت اور پاکستان کے درمیان دوبارہ جنگ چھڑتی ہے تو پاکستان اس کے لیے مکمل عسکری تیاری کرچکا ہے، جبکہ پاکستان نے اپنی دفاعی کمان اور فیصلہ سازی کے نظام کو بھی نئے تقاضوں کے مطابق ترتیب دیا ہے۔
پراوین ساہنی کے تجزیے کے مطابق مودی حکومت نے آپریشن سندور کو مکمل طور پر ختم نہیں کیا بلکہ عارضی طور پر روک رکھا ہے، جس سے دونوں ممالک کے درمیان دوبارہ فوجی تصادم کا خطرہ موجود ہے،ان کے مطابق پاکستان نے اسی ممکنہ خطرے کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی عسکری حکمت عملی اور کمانڈ کے ڈھانچے میں اہم تبدیلیاں کی ہیں۔
27ویں آئینی ترمیم اور عسکری کمانڈ کا نیا ڈھانچہ
پراوین ساہنی کا کہنا ہے کہ پاکستان نے جنگ کی صورت میں فیصلہ سازی اور اہداف کو نشانہ بنانے کے عمل کو تیز تر بنانے کے لیے عسکری کمانڈ کے نظام کو ازسرنو ترتیب دیا ہے، 27ویں آئینی ترمیم، فیلڈ مارشل عاصم منیر کی ترقی اور چیف آف ڈیفنس فورسز کا عہدہ اسی حکمت عملی کا حصہ ہیں۔
ان کے مطابق آرمی، ایئر فورس اور نیوی کی قیادت کو ایک مرکزی کمانڈ کے تحت مربوط کیا گیا ہے، جبکہ جوہری ہتھیاروں سے متعلق امور کے لیے نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ کا قیام بھی پاکستان کی دفاعی تیاریوں میں اہم پیش رفت ہے،ساہنی کے مطابق اس ادارے کی قیادت براہ راست فیلڈ مارشل عاصم منیر کو جواب دہ ہے، جس سے عسکری فیصلوں میں مرکزی رابطہ اور ہم آہنگی کو اہمیت دی گئی ہے۔
عالمی سیاست میں تبدیلی اور پاکستان کی حکمت عملی
بھارتی دفاعی تجزیہ کار کے مطابق عالمی نظام تیزی سے تبدیل ہو رہا ہے اور عالمی سیاست کا مرکز ایشیا پیسیفک خطے کی طرف منتقل ہوچکا ہے، جہاں امریکا، چین اور روس کے مفادات اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ پاکستان اب چین کے ساتھ مشاورت اور اس کی رائے کو اپنی خارجہ اور دفاعی حکمت عملی میں خاص اہمیت دیتا ہےان کے تجزیے کے مطابق امریکا کی سربراہی میں قائم عالمی نظام کمزور پڑ رہا ہے اور دنیا ایک نئے عالمی نظام کی تشکیل کے دور سے گزر رہی ہے، جہاں ممالک کے باہمی تعلقات میں تجارت کے ساتھ دفاعی، عسکری، سیکیورٹی اور انٹیلی جنس تعاون بنیادی اہمیت اختیار کرچکا ہے۔
پراوین ساہنی کا کہنا تھا کہ موجودہ دور میں وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر مل کر کام کر رہے ہیں، دفاعی، صنعتی، سیکیورٹی اور انٹیلی جنس تعاون کے معاملات میں عسکری قیادت اہم کردار ادا کر رہی ہے، جبکہ روایتی سفارتی امور وزیراعظم اور دفتر خارجہ کے ذریعے آگے بڑھائے جا رہے ہیں۔
