بسنت منانے کا سابقہ شیڈول تبدیل، اب لاہور میں کب پتنگیں اڑائی جائیں گی؟ نئی تاریخیں سامنے آگئیں

بسنت منانے کا سابقہ شیڈول تبدیل، اب لاہور میں کب پتنگیں اڑائی جائیں گی؟ نئی تاریخیں سامنے آگئیں

لاہور میں بسنت منانے کی تاریخ تبدیل کردی گئی، پنجاب کابینہ نے جشنِ بسنت 12، 13 اور 14 مارچ 2027 کو منانے کی منظوری دے دی، جنوری اور فروری کا سابقہ شیڈول منسوخ کردیا گیا۔

ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت نے لاہور میں بسنت کی تقریبات کے لیے پہلے 29 جنوری سے 7 فروری 2027 تک 10 روزہ شیڈول مقرر کیا تھا، تاہم اب اس فیصلے پر نظرثانی کرتے ہوئے جشنِ بسنت کی نئی تاریخیں مارچ میں طے کردی گئی ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بسنت کی تاریخوں میں تبدیلی کے لیے ڈپٹی کمشنر لاہور نے سمری محکمہ داخلہ پنجاب کو بھجوائی تھی، جس کے بعد محکمہ داخلہ نے یہ سمری منظوری کے لیے صوبائی کابینہ کو ارسال کی۔ پنجاب کابینہ نے سمری کی منظوری دے دی ہے۔

نئے فیصلے کے تحت لاہور میں 12، 13 اور 14 مارچ 2027 کو جشنِ بسنت کی تقریبات منعقد ہوں گی۔ اس طرح جنوری اور فروری میں بسنت منانے کا سابقہ منصوبہ تبدیل کردیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:بلدیاتی انتخابات کب ہوں گے؟ اسلام آباد ہائیکورٹ نے اہم حکم جاری کردیا

بسنت لاہور کی ثقافتی روایات سے جڑا ایک معروف تہوار ہے، جس کے موقع پر شہریوں کی بڑی تعداد تقریبات میں شرکت کرتی ہے۔ نئی تاریخوں کے اعلان کے بعد ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو بھی نئے شیڈول کے مطابق انتظامات کرنا ہوں گے۔

دوسری جانب بسنت کے انعقاد کے لیے حفاظتی انتظامات، پتنگ بازی سے متعلق قواعد و ضوابط پر عمل درآمد اور شہریوں کی جان و مال کا تحفظ خصوصی اہمیت کا حامل ہوگا۔ خصوصاً دھاتی ڈور اور پتنگ کی ڈور سے ہونے والے حادثات کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کرنا متعلقہ حکام کی ذمہ داری ہوگی۔

پنجاب کابینہ کی منظوری کے بعد لاہور میں جشنِ بسنت کے انعقاد کا نیا شیڈول طے ہوگیا ہے، جس کے تحت تقریبات مارچ 2027 میں تین روز تک جاری رہیں گی۔

Qaisar Mirza
editor

Related Articles