عوام کیلئے ایک اور ریلیف، گاڑیوں کے کرایے کم کرنے کا فیصلہ، نئے کرایوں کا اعلان

عوام کیلئے ایک اور ریلیف، گاڑیوں کے کرایے کم کرنے کا فیصلہ، نئے کرایوں کا اعلان

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد ملک بھر میں گڈز ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں بھی 5 فیصد کمی کا اعلان کردیا گیا، آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد نے نئے کرایوں کا اطلاق کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے حکومت سے ٹرانسپورٹ سیکٹر پر عائد ٹیکسوں میں مزید ریلیف دینے کا مطالبہ کردیا۔

صدر آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد ملک شہزاد اعوان نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے حکومتی فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے پاکستان بھر میں مال بردار گاڑیوں کے کرایوں میں 5 فیصد کمی کا اعلان کیا ہے۔

ملک شہزاد اعوان کا کہنا ہے کہ گزشتہ 20 روز کے دوران پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کے پیش نظر گڈز ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں 5 فیصد کمی کی جا رہی ہے، جس سے ملک بھر میں سامان کی ترسیل کے اخراجات میں کمی آئے گی۔

انہوں نے وزیراعظم پاکستان کی جانب سے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا براہ راست فائدہ عوام تک پہنچتا ہے۔ امید ہے کہ وزیراعظم آئندہ بھی پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں مزید کمی کرکے عوام کو ریلیف فراہم کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں:بسنت منانے کا سابقہ شیڈول تبدیل، اب لاہور میں کب پتنگیں اڑائی جائیں گی؟ نئی تاریخیں سامنے آگئیں

صدر آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے مطالبہ کیا کہ ٹرانسپورٹ سیکٹر پر عائد ٹول ٹیکس، ودہولڈنگ ٹیکس اور دیگر ٹیکسوں میں فوری ریلیف دیا جائے تاکہ مال بردار گاڑیوں کے آپریشنل اخراجات کم ہوسکیں اور کاروباری سرگرمیوں کو فروغ ملے۔

انہوں نے کہا کہ دسمبر اور اگست میں ملک گیر ٹرانسپورٹ ہڑتالوں کے دوران وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی جانب سے ٹرانسپورٹرز کے ساتھ جو وعدے کیے گئے تھے، ان پر بھی فوری عمل درآمد کیا جائے۔

ملک شہزاد اعوان نے امید ظاہر کی کہ وزیراعظم پاکستان سمیت وفاقی اور صوبائی حکومتیں عوام اور ٹرانسپورٹ سیکٹر کو مزید ریلیف فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کریں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی معیشت، صنعت اور تجارت میں گڈز ٹرانسپورٹ کا کردار انتہائی اہم ہے، کیونکہ ملک بھر میں اشیائے ضروریہ، صنعتی خام مال اور تجارتی سامان کی ترسیل اسی شعبے کے ذریعے ہوتی ہے۔ ٹرانسپورٹ کے اخراجات میں کمی سے کاروباری سرگرمیوں اور عوام کو بھی فائدہ پہنچ سکتا ہے۔

Qaisar Mirza
editor

Related Articles