اسلام آباد، راولپنڈی میں کل عام تعطیل کا اعلان، تعلیمی ادارے اور سرکاری دفاتر بند رہیں گے

اسلام آباد، راولپنڈی میں کل عام تعطیل کا اعلان، تعلیمی ادارے اور سرکاری دفاتر بند رہیں گے

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے بعد ضلعی انتظامیہ نے راولپنڈی میں بھی کل 27 نومبر بروز جمعہ مقامی تعطیل کا اعلان کردیا ہے ۔ 

ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ضلع بھر میں تمام سکول، کالجز اور دفاتر بند رہیں گے، تاہم سکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں میں پہلے سے طے شدہ امتحانات شیڈول کے مطابق ہوں گے۔

اس سے قبل اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے مکہ دفاعی معاہدے کے تحت پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے اہم سہ فریقی اجلاس کے پیش نظر وفاقی دارالحکومت کی ریونیو حدود میں مقامی تعطیل کا اعلان کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب میں دفاعی تعاون کا نیا باب، اسلام آباد میں اہم اجلاس کل ہوگا

نوٹیفکیشن کے مطابق اسلام آباد میں تمام سرکاری دفاتر اور ادارے بند رہیں گے، تاہم ضروری خدمات فراہم کرنے والے ادارے تعطیل سے مستثنیٰ ہوں گے۔

سی ڈی اے، میٹروپولیٹن کارپوریشن اسلام آباد، ضلعی انتظامیہ، اسلام آباد پولیس، آئیسکو، سوئی ناردرن گیس اور ہسپتال معمول کے مطابق خدمات فراہم کریں گے۔

دوسری جانب کابینہ ڈویژن نے ریڈ زون میں واقع تمام وزارتوں، ڈویژنز اور دیگر سرکاری اداروں کے ملازمین کو جمعہ کے روز گھر سے کام کرنے کی ہدایت کردی ہے۔

افسران اور سیکرٹریل سٹاف کو اسلام آباد میں موجود رہنے اور ضرورت پڑنے پر مختصر نوٹس پر دفاتر پہنچنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ مکہ دفاعی معاہدے کے تحت پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کا اہم سہ فریقی اجلاس 27 اور 28 نومبر کو اسلام آباد میں شیڈول ہے، جس میں سعودی عرب اور ترکیہ کے وزرائے خارجہ کی شرکت متوقع ہے۔

Related Articles