چین میں شدید بارشوں کے باعث پل گرنے سے 12 افراد ہلاک ہو گئے ہیں جبکہ 30 سے زائد لاپتہ ہیں۔
خبر رساں ادارے کے مطابق چین کے شمالی اور وسطی علاقے بارشوں کی زد میں ہیں جبکہ سیلابوں سے بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا ہے۔
شمال مغربی صوبہ شانشی میں جمعے کی صبح 8 بج کر 40 منٹ پر اچانک موسلا دھار بارش اور سیلاب سے پل ٹوٹ گیا اور گاڑیاں دریاں میں بہہ گئیں۔
چین کے سرکاری ٹیلی ویژن کے مطابق دریا میں گرنے والی پانچ گاڑیوں میں سے 12 افراد کو نکالا گیا ہے۔
ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوتا ہے کہ کم از کم 31 افراد تاحال لاپتہ ہیں جبکہ 17 گاڑیاں اور 8 ٹرک دریا میں گر گئے۔
چین کے صدر شی جن پنگ نے لاپتہ ہونے والوں کو ریسکیو کرنے کے لیے تمام تر کوششیں بروئے کار لانے کی ہدایت کی ہے۔
واضح رہے کہ چین میں گرمیوں کے مہینوں میں شدید موسم دیکھنے میں آئے ہیں جبکہ دوسری جانب شمال سمیت مشرقی اور مغربی علاقے ہیٹ ویو کی لپیٹ میں رہے۔

