اسرائیلی وزیر خارجہ یسرائیل کاٹز نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کو اسرائیل میں داخلے سے روک دیا گیا ہے۔
اسرائیلی وزیر خارجہ کے مطابق یہ فیصلہ ایران کے میزائل حملے کی واضح طور پرمذمت کرنے میں ناکامی پر کیا گیا ہے۔ اسرائیل چند دنوں میں ایران پر جوابی حملہ کرنے کی تیاری کر رہا ہے، جس میں ایران کی تیل تنصیبات اور دیگر سٹریٹجک مقامات کو نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔
مزید پڑھیں: اسرائیل کی جانب سے ردعمل کیلئے تیار ہیں: ایران
یاد رہے کہ گزشتہ رات ایران نے اسرائیل کی جانب 400 سے زائد بیلسٹک میزائل داغے۔جو اصفہان، تبریز، خرم آباد، کرج اور اراک سے فائر کیے گئے۔ ان حملوں کے نتیجے میں مقبوضہ بیت المقدس سمیت اسرائیل بھر میں سائرن بجنے لگے اور اسرائیلی شہریوں نے بنکرز میں پناہ لی۔
پاسداران انقلاب نے اس حملے کو حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ اور حزب اللہ کے سیکرٹری جنرل حسن نصراللہ کی شہادت کا بدلہ قرار دیا ہے۔

