26، 27 ستمبر کو موبائل فون سروس بند رکھنے کا فیصلہ

26، 27 ستمبر کو موبائل فون سروس بند رکھنے کا فیصلہ

پی ٹی آئی کے ممکنہ لانگ مارچ کے پیش نظر جڑواں شہروں راولپنڈی، اسلام آباد اور ضلع اٹک میں 26 اور 27 ستمبر کو موبائل فون اور انٹرنیٹ سروسز معطل رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق ممکنہ احتجاجی قافلوں کی اسلام آباد آمد کے پیش نظر سیکیورٹی اور امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے مختلف حفاظتی اقدامات کیے جا رہے ہیں، جن میں موبائل فون سروسز کی عارضی معطلی بھی شامل ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ اسلام آباد اور راولپنڈی سمیت ضلع اٹک کے مختلف علاقوں میں 26 اور 27 ستمبر کو موبائل فون اور انٹرنیٹ سروسز بند رکھی جائیں گی۔

ذرائع کے مطابق تقریباً پانچ روز قبل منعقد ہونے والے ایک اعلیٰ سطحی سیکیورٹی اجلاس میں ممکنہ لانگ مارچ کے تناظر میں سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا گیا تھا۔ اجلاس میں موٹرویز، جی ٹی روڈ اور دیگر اہم راستوں کو بند کرنے کے فیصلوں کے ساتھ امن و امان برقرار رکھنے اور سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر موبائل فون سروسز کی معطلی پر بھی تفصیلی غور کیا گیا تھا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں زیر غور آنے والے اقدامات پر اب عملدرآمد کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سرکاری ملازمین کے ذاتی موبائل اور لیپ ٹاپ سے سرکاری کام پر پابندی

دوسری جانب ممکنہ لانگ مارچ کے پیش نظر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی جانب آنے والی اہم شاہراہوں پر بھی ٹریفک پابندیاں عائد کردی گئی ہیں۔

نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کے مطابق بدھ کی شام سے موٹروے M-1، M-14 اور جی ٹی روڈ N-5 کو مختلف مقامات پر دونوں اطراف سے ٹریفک کے لیے بند کیا جا رہا ہے۔

موٹروے M-1 کو اسلام آباد ٹول پلازہ سے چھچھ انٹرچینج تک دونوں اطراف سے بند کیا جا رہا ہے، جبکہ موٹروے M-14 ہکلہ سے کنڈل تک دونوں اطراف سے بند رہے گی۔

اسی طرح جی ٹی روڈ N-5 کو بھی اٹک خورد کے مقام پر دونوں اطراف سے ٹریفک کے لیے بند کیا جا رہا ہے۔

یہ اقدامات 27 ستمبر کو خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ کی قیادت میں متوقع احتجاجی قافلوں کی اسلام آباد آمد کے پیش نظر کیے جا رہے ہیں۔

ممکنہ لانگ مارچ کے تناظر میں سیکیورٹی اداروں کی جانب سے اہم شاہراہوں، موٹرویز اور مواصلاتی نظام سے متعلق مختلف حفاظتی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

Related Articles