نومنتخب صدر آزاد جموں و کشمیر ڈاکٹر محمد نجیب نقی خان نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔ آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی نے مسلم لیگ (ن) کے نامزد امیدوار ڈاکٹر محمد نجیب نقی خان کو 32 ووٹ دے کر آزاد کشمیر کا 23واں صدر منتخب کیا، جبکہ ان کے مدمقابل پاکستان پیپلزپارٹی کے امیدوار چودھری لطیف اکبر نے 13 ووٹ حاصل کیے۔
صدارتی انتخاب کے لیے پولنگ آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی سیکرٹریٹ میں ہوئی۔ ووٹوں کی گنتی مکمل ہونے کے بعد ریٹرننگ افسر کی نگرانی میں ڈاکٹر محمد نجیب نقی خان کی کامیابی کا اعلان کیا گیا۔
46 رکنی قانون ساز اسمبلی میں اسپیکر چودھری طارق فاروق نے بھی اپنا ووٹ کاسٹ کیا، جبکہ پیپلزپارٹی کے رکن اسمبلی چودھری قاسم مجید کی عدم موجودگی کے باعث ان کا ووٹ شمار نہ ہوسکا۔
صدارتی انتخاب کے لیے الیکشن کمیشن آزاد کشمیر نے ڈاکٹر محمد نجیب نقی خان اور چودھری لطیف اکبر کے کاغذات نامزدگی منظور کیے تھے، جس کے بعد دونوں امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہوا۔
ڈاکٹر محمد نجیب نقی خان کا صدر آزاد کشمیر منتخب ہونا نئی منتخب حکومت کے قیام کے بعد اہم آئینی عہدوں کی تشکیل کے سلسلے کی تکمیل ہے۔
یہ بھی پڑھیں: راولاکوٹ آزاد کشمیر میں امن عامہ مزید خراب، کالعدم جتھے کی قانون شکنی کے تہلکہ خیز انکشافات
اس سے قبل مسلم لیگ (ن) کے امیدوار افتخار گیلانی وزیراعظم آزاد کشمیر منتخب ہوئے تھے، جبکہ چودھری طارق فاروق نے اسپیکر قانون ساز اسمبلی کا منصب سنبھالا تھا۔
ڈاکٹر محمد نجیب نقی خان کے صدر منتخب ہونے کے ساتھ ہی آزاد کشمیر میں صدر کے عہدے پر نئی مدت کا آغاز ہوگیا ہے۔
نومنتخب صدر آزاد جموں و کشمیر ڈاکٹر محمد نجیب نقی خان کی تقریب حلف برداری بھی منعقد ہوئی، جس میں وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سید افتخار علی گیلانی، طارق فضل چودھری، رانا ثنا اللہ اور امیر مقام سمیت دیگر شخصیات نے شرکت کی۔
بعد ازاں وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی نے قانون ساز اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر محمد نجیب نقی خان کو صدر ریاست منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی۔
افتخار گیلانی نے کہا کہ ڈاکٹر نجیب نقی کے انتخاب پر اپنی قیادت نواز شریف، شہباز شریف، مریم نواز اور پوری پارلیمانی پارٹی کا شکر گزار ہوں۔
انہوں نے کہا کہ اسمبلی کو مضبوط کرنا اور ایوان کی حرمت و وقار کو برقرار رکھنا ہے، اپوزیشن کو ساتھ لے کر چلیں گے اور کسی کو انتقام کا نشانہ نہیں بنایا جائے گا۔
وزیراعظم آزاد کشمیر نے پونچھ کے 7 حلقوں میں انتخابات نہ ہونے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر محمد نجیب نقی اور ان کے خاندان کی پونچھ اور آزاد کشمیر کے لیے بے شمار خدمات ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر نجیب نقی کے صدر منتخب ہونے کے فیصلے پر پارٹی قیادت کا شکریہ ادا کرتا ہوں، مسئلہ کشمیر اور آزاد کشمیر کے معاملات ڈاکٹر نجیب نقی سے بہتر کوئی نہیں جانتا۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں پاسپورٹ کا اجرا بند کرنے کا فیصلہ، 15 اکتوبر سے صرف ای پاسپورٹ جاری ہوگا
افتخار گیلانی نے کہا کہ اہلیان پونچھ کو مبارکباد، پونچھ کا بیٹا صدر منتخب ہوا ہے۔
وزیراعظم آزاد کشمیر نے بتایا کہ سابق دور حکومت کی انتظامیہ ہی کام کررہی ہے اور ابھی تک کوئی تبادلہ نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ایجوکیشن پیکج پر اعتراضات کے باعث کمیٹی قائم کی گئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر کی تعمیر و ترقی کے لیے جامع پالیسی لائی جارہی ہے، جبکہ پونچھ کے 7 حلقوں میں جلد انتخابی عمل مکمل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔
ڈاکٹر محمد نجیب نقی خان کے صدر منتخب ہونے کے ساتھ پونچھ ڈویژن کو ریاستی حکومت کے اہم آئینی عہدوں میں نمائندگی حاصل ہوگئی ہے۔
صدارتی انتخاب کے بعد راولاکوٹ اور سدھنوتی کی 7 نشستوں پر ہونے والے آئندہ انتخابات بھی آزاد کشمیر کی سیاست میں اہم پیش رفت ہوں گے۔
دستیاب معلومات کے مطابق دنیا نیوز نے 28 اگست کو ڈاکٹر محمد نجیب نقی خان کے صدر آزاد کشمیر بننے کی خبر دی تھی، جو 24 روز بعد ان کے صدر منتخب ہونے کے ساتھ درست ثابت ہوئی۔


