کاروباری ہفتے کے چوتھے روز انٹربینک میں ڈالر نے پھر اڑان پکڑ لی ، انٹربینک مارکیٹ میں 11 پیسے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
سٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق ڈالر جمعرات کو کاروبار کے اختتام پر ڈالر 11 پیسے کے اضافے سے 278 روپے 73 پیسے سے بڑھ کر 277 روپے 83 پیسے کا ہو گیا ہے ۔اوپن مارکیٹ امریکی ڈالر کی قیمت 12 پیسے مہنگا ہونے کے بعد 278 روپے 79 پیسے پر پہنچ گئی ہے۔
دیگر بڑی کرنسیوں کی بات کریں تو برطانوی پاؤنڈ 52 پیسے کی کمی کے بعد 360.67 روپے اور یورو 5 پیسے کمی سے 300.20 روپے کا ہو گیا ہے ۔خلیجی کرنسیوں قیمتوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے ۔ سعودی ریال کی قیمت 9 پیسے کے اضافے سے 74 روپے 16 پیسے ہو گئی ہے جبکہ اماراتی درہم کی قیمت میں 8 پیسے کا اضافہ ہوا جس کے بعد نئی قیمت 75 روپے 97 پیسے ہو گئی ہے ۔
دوسری جانب سونے کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے بعد بالآخرنمایاں کمی دیکھنے میں آئی۔آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق ملک میں فی تولہ قیمت میں 2 ہزار 300 روپے کی کمی ہوئی۔ جس کے بعد نئی قیمت 2 لاکھ 83 ہزار 100 روپے فی تولہ کی سطح پر آگئی۔ اسی طرح فی 10 گرام سونے کی قیمت 1971 روپے گھٹ کر دو لاکھ 42 ہزار 713 روپے ہوگئی۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں میں سونے کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آیا اور سونا فی تولہ تاریخ کی بلند ترین سطح 2 لاکھ 85 ہزار4 سو روپے پر پہنچ گیا۔
ماہرین کے مطابق سونے کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافے کی وجہ مشرق وسطیٰ میں تنازعات اور آئندہ امریکی انتخابات کے حوالے سے غیر یقینی صورتحال کی وجہ سے محفوظ اثاثوں کی مانگ بڑھنا ہے۔