پنجاب میں تعلیمی اداروں میں سموگ اور دیگر وجوہات کی بنا پر غیر اعلانیہ چھٹیوں کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث تعلیمی سال کی مدت کم ہوگئی ہے۔
ذرائع کے مطابق پنجاب میں تعلیمی سال صرف 120 دنوں تک محدود ہو چکا ہے جبکہ عالمی معیار کے مطابق تعلیمی سال 245 دنوں کا ہونا چاہیے۔ سموگ کی بڑھتی ہوئی شدت کے پیش نظر سکولوں میں مزید چھٹیاں متوقع ہیں اور پہلی بار نومبر کے آغاز میں ہی چھٹیوں کا اعلان کر دیا گیا تھا۔
گزشتہ چند سالوں سے موسم سرما کی چھٹیاں بھی غیر معمولی طور پر طویل ہو رہی ہیں۔ آئندہ دسمبر میں موسم سرما کی تعطیلات بھی قریب ہیں، جو تعلیمی سال کے مزید کمی کا سبب بنیں گی۔ اس صورتحال سے خاص طور پر نویں اور دسویں جماعت کے طلبا متاثر ہو رہے ہیں، جو اپنی تعلیمی سرگرمیوں میں کمی کی وجہ سے تعلیمی اہداف کو پورا کرنے میں مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔
اساتذہ کا کہنا ہے کہ حکومت نے ہمیں سکول بلانے سے انکار کیا، جس کے نتیجے میں آن لائن کلاسز بھی نہیں ہو پا رہی ہیں اور اساتذہ اور طلبا دونوں کے لیے تعلیمی سلسلے کو جاری رکھنا مشکل ہو گیا ہے۔