وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے سموگ کو سنگین خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے 2 لاکھ 50 ہزار قبل از وقت اموات کا خدشہ ہے۔
واضح رہے کہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور اور ملتان میں خاص طور پر سموگ کی صورتحال انتہائی پریشان کن ہے ، صوبائی دارالحکومت کئی روز سے دنیا کا آلودہ ترین شہر ہے۔
آج رات 9 بجے بھی لاہور اور ملتان کا ایئر کوالٹی انڈیکس بالترتیب 788 اور 698 ریکارڈ کیا گیا ہے ، جس کے صحت پر انتہائی مضراثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔
اسلام آباد میں سموگ اور فضائی آلودگی کے حوالے سے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ یہ مسئلہ ہمارا خود کا پیدا کردہ ہے ، اس چیلنج سے نمٹنے کے لیے جنگی بنیادوں پر اقدامات کی ضرورت ہے۔
احسن اقبال نے سموگ سے قبل از وقت ڈھائی لاکھ اموات اور بچوں کی زندگی متاثر ہونے کا خدشہ بھی ظاہر کرتے کہا کہ سموگ معاشی ایمرجنسی بھی ہے، اس سے قومی سطح پر یکجا ہوکر اپنے تمام وسائل جھونک کر نمٹنا ہوگا۔
یاد رہے کہ پنجاب شدید فضائی آلودگی کی صورتحال برقرار ہے ، آج صبح ایئرکوالٹی انڈیکس میں لاہور تقریباً 700 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر رہا تھا جبکہ پاکستان میں پشاور دوسرے اور اسلام آباد تیسرے نمبر پر تھا۔
فضائی آلودگی بڑھنے کے پیش نظر صوبے کے مختلف اضلاع میں 17 نومبر تک سکولز بند کردیے گئے ہیں جبکہ 12ویں جماعت تک تمام سکولوں میں تدریسی عمل آن لائن ہوگا۔