وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کی قیادت میں پی ٹی آئی کا قافلہ برہان انٹر چینج پہنچ چکا ہے جہاں پر انہیں پولیس کی جانب سے شدید مزاحمت کا سامنا ہے اور قافلے پر اڑھائی گھنٹوں سے شیلنگ جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کی قیادت میں پشاور سے آنیوالا بڑا قافلہ برہان انٹر چینج پر پہنچ گیا ہے جہاں پر قافلے کو پولیس کی جانب سے شدید شیلنگ کا سامنا ہے اور کارکن پولیس کی جانب سے لگائی گئی رکاوٹوں اور کنٹینرز کو ہیوی مشینری کیساتھ ہٹانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
پولیس کی جانب سے قافلے کیلئے پہلی رکاوٹ موٹروےغازی بروتھا نہرپل پر لگائی گئی ہے ،غازی بروتھانہرپل پر احتجاجی قافلے کوتعینات فورسز اور رکاوٹوں کاسخت مزاحمت کا سامنا ہے۔ برہان انٹر چینج پر گزشتہ اڑھائی گھنٹے سے علی امین گنڈا پور کا قافلہ پھنسا ہوا ہے اور پولیس کی جانب سے شیلنگ جاری ہے، فوسری جانب پی ٹی آئی رکاوٹیں ہٹانے میں مصروف ہے اور ہیوی مشینری کیساتھ کنٹینرز اور ٹریلیز کو ہٹایا جا رہا ہے۔
دوسری جانب پی ٹی آئی کارکنوں نے شدید شیلنگ کے اثرات کو کم کرنے کے لیے موٹر وے پر گھاس اور جھاڑیوں میں آگ بھی لگا رکھی ہے تاکہ شیلنگ اور آنسو گیس کے اثرات کو ذائل کیا جا سکے۔ قبل ازیں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے وفاقی اور پنجاب حکومت کو چیلنج کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ جتنے بھی راستے بند کریں گے، پی ٹی آئی کا قافلہ انہیں کھولے گا اور ڈی چوک پہنچے گا۔
وزیراعلیٰ نے پشاور ٹول پلازہ پہنچنے کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی رہائی کے لیے تحریک کا آغاز ہو چکا ہے اور عوام کا سمندر ان کے ساتھ ہے۔