کراچی: شناختی کارڈ کے حصول کا عمل آسان ہوگیا، اب شہری لمبی قطاروں کے بغیر جدید خودکار مشینوں کے ذریعے اپنا شناختی کارڈ بنوا سکیں گے۔
تفصیلات کے مطابق نادرا نے شناختی کارڈ اور دیگر دستاویزات کے لیے خودکار مشینیں نصب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ کراچی میں پہلی مرتبہ اسمارٹ شناختی کارڈ کی تجدید اور گمشدہ کارڈ کے حصول کے لیے خودکار مشین نصب کی جائے گی، جو شہریوں کو طویل انتظار اور قطاروں سے نجات دلائے گی۔
نادرا کی خودکار مشینوں کے ذریعے شہری قومی شناختی کارڈ کی درخواست، بائیومیٹرک، آئیرس، تصویر اور ارجنٹ یا نارمل سروس کا انتخاب کرسکیں گے۔ اس کے بعد ایک کیو آر کوڈ فراہم کیا جائے گا، جبکہ ادائیگی بھی ڈیجیٹل طریقے سے ممکن ہوگی۔
یہ خودکار مشینیں ابتدائی طور پر کراچی میں نصب کی جائیں گی اور بعد میں ریلوے اسٹیشنز، ایئرپورٹس، شاپنگ مالز، تعلیمی اور سرکاری اداروں میں بھی فراہم کی جائیں گی۔
نادرا کے مطابق شناختی کارڈ کی تجدید، ب فارم اور دیگر سہولیات کے لیے رجسٹریشن کے بعد 15 سے 30 دن میں دستاویزات متعلقہ درخواست گزار کے گھر پہنچا دی جائیں گی۔