وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے میں آٹے کی بڑھتی ہوئی قیمتوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے گندم اور آٹے کی سپلائی دگنی کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔ وزیراعلیٰ نے واضح کیا ہے کہ سپلائی دگنی کرنے کے تین روز بعد مہنگے داموں آٹا فروخت کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جائے گا۔
مریم نواز شریف کی زیر صدارت ہونے والے خصوصی اجلاس میں آٹے کی زیادہ سے زیادہ قیمت مقرر کرنے کی تجویز پر اتفاق کیا گیا۔ اجلاس میں آٹے کے نرخوں کو کنٹرول کرنے اور عوام کو سستی گندم اور آٹے کی فراہمی یقینی بنانے کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ مافیاز کو آٹے کی قیمتوں میں من مانی کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور عوام کو سستی گندم اور آٹے کی فراہمی کا وعدہ ہر صورت پورا کیا جائے گادوسری جانب وفاقی حکومت نے ملک میں گندم اور آٹے کی قیمتوں میں استحکام برقرار رکھنے اور ملکی ضروریات پوری کرنے کے لیے مزید 8 لاکھ میٹرک ٹن گندم درآمد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس مقصد کے لیے ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان (ٹی سی پی) نے گندم کی درآمد کا تیسرا عالمی ٹینڈر جاری کرتے ہوئے بین الاقوامی سپلائرز سے بولیاں طلب کر لی ہیں۔ٹی سی پی کے مطابق ٹینڈر جمع کرانے کی آخری تاریخ 30 نومبر مقرر کی گئی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ پاکستان اس سے قبل بھی 5 لاکھ 50 ہزار میٹرک ٹن گندم درآمد کرنے کے معاہدے کر چکا ہے۔
مزید گندم درآمد کرنے کا بنیادی مقصد ملک میں گندم کے اسٹریٹجک ذخائر برقرار رکھنا اور عام صارفین کو آٹے کی قیمتوں میں ممکنہ اضافے سے بچاتے ہوئے نرخ مستحکم رکھنا ہے۔