اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات عطاء تارڑ نے پاکستان تحریک انصاف کو نوسر بازوں کی جماعت قرار دیتے ہوئے فیک ویڈیوز پھیلانے کا الزام عائد کیا ہے
وفاقی وزیر اطلاعات عطاء تارڑ نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ پی ٹی آئی نے گولی چلانے کا جھوٹا بیانیہ بنایا ہے، جبکہ مظاہرین پر امن نہیں تھے بلکہ مسلح ہو کر آئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انتشار پہلے اداروں کو نشانہ بناتی ہے اور پھر پراپیگنڈا کرتی ہے
وزیر اطلاعات نے کہا کہ پی ٹی آئی نے یہ جھوٹا بیانیہ چلایا کہ گولی کیوں چلائی گئی، حالانکہ کوئی گولی نظر نہیں آئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کو اس بات کا جواب دینا چاہیے کہ وہ ایسی ویڈیوز کیوں نہیں لے کر آئی جس میں سیدھی فائر کی گئی ہو، یہ بری طرح ناکام ہو چکے ہیں اور اب نعشوں کے پیچھے چھپنا چاہتے ہیں
عطاء تارڑ نے معیشت کے حوالے سے کہا کہ مہنگائی 70 ماہ کی کم ترین سطح پر آ گئی ہے اور 4.8 فیصد تک پہنچ چکی ہے، جو وزیراعظم کی محنت کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سٹاک مارکیٹ ایک لاکھ پوائنٹس کراس کر چکی ہے اور پاکستان ڈیفالٹ کے خطرے سے نکل کر ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔