پاکستان میں سونے اور چاندی کی قیمتوں میں بڑی کمی ریکارڈ کی گئی ہے، ایک ہی کاروباری روز کے دوران فی تولہ سونا 10 ہزار 900 روپے سستا ہوگیا، جبکہ چاندی کی قیمت میں بھی نمایاں کمی سامنے آئی ہے۔
آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق ملک میں فی تولہ سونے کی قیمت میں 10 ہزار 900 روپے کی کمی ہوئی، جس کے بعد نئی قیمت 4 لاکھ 16 ہزار 536 روپے کی سطح پر آگئی۔
دوسری جانب عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت میں بڑی گراوٹ دیکھی گئی، جہاں فی اونس سونا 109 ڈالر سستا ہو کر 3 ہزار 940 ڈالر پر آگیا۔
سونے کے ساتھ چاندی کی قیمت بھی کم ہوگئی۔ پاکستان میں فی تولہ چاندی 190 روپے سستی ہونے کے بعد 5 ہزار 578 روپے کی سطح پر پہنچ گئی۔
واضح رہے کہ سونا روایتی طور پر محفوظ سرمایہ کاری کا ذریعہ سمجھا جاتا ہے۔ سیاسی اور معاشی عدم استحکام، افراطِ زر اور دیگر اثاثوں سے متعلق غیر یقینی صورتحال کے دوران سرمایہ کار عموماً سونے کی خریداری کو ترجیح دیتے ہیں۔
سونا صدیوں سے دولت محفوظ رکھنے اور کرنسی کے طور پر استعمال ہوتا رہا ہے۔ پاکستان میں سونے کی قیمتوں کے تعین کے طریقہ کار میں بھی تبدیلی کی گئی تھی، جس کے تحت مقامی قیمت عالمی مارکیٹ ریٹ سے 20 ڈالر فی اونس زیادہ مقرر کرنے کا طریقہ اپنایا گیا۔