اسلام آباد: ایوان صدر اسلام آباد میں صدر آصف زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کے درمیان اہم ملاقات شروع ہو گئی۔
ذرائع کے مطابق اس ملاقات میں ملکی تازہ سیاسی صورتحال اور دیگر اہم امور پر تفصیل سے بات چیت کی گئی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے صدر مملکت کو اپنے حالیہ بیرون ملک دوروں اور ملک کی اندرونی صورتحال سے آگاہ کیا، جبکہ ملک کی معاشی حالت پر بھی تفصیل سے گفتگو کی گئی۔
اس موقع پر پیپلز پارٹی کی جانب سے بعض تحفظات کا ذکر کیا گیا، جس پر وزیراعظم شہباز شریف نے یقین دہانی کرائی کہ وہ پیپلز پارٹی کے تحفظات کو ترجیحی بنیادوں پر دور کریں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی وفاقی حکومت کی اتحادی جماعت ہے اور دونوں بڑی جماعتیں ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بعض اوقات غلط فہمیاں پیدا ہو جاتی ہیں، جنہیں باہمی مشاورت سے حل کیا جانا چاہیے تاکہ حکومتی کارکردگی متاثر نہ ہو اور غلط فہمیوں کو احسن طریقے سے دور کیا جا سکے۔
ملاقات میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور وزیر داخلہ محسن نقوی بھی شریک تھے۔