خطے میں سستی ترین بجلی فراہم کرکے دکھائیں گے، وفاقی وزیر اویس لغاری

وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے کہا کہ حکومت نے مشکل حالات کے باوجود بجلی کے شعبے میں اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں، جون 2024 میں بجلی کی اوسط قیمت 48 روپے 70 پیسے فی یونٹ تھی، جو اب کم ہو کر 44 روپے 40 پیسے فی یونٹ ہو چکی ہے، موسم سرما کے لیے صارفین کو خصوصی پیکج دیا جا رہا ہے۔

 اسلام آباد میں  وفاقی وزیراویس لغاری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ  2024 کے پہلے نو ماہ کی کارکردگی عوام کے سامنے پیش کی۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے مشکل حالات کے باوجود بجلی کے شعبے میں اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ جون 2024 میں بجلی کی اوسط قیمت 48 روپے 70 پیسے فی یونٹ تھی، جو اب کم ہو کر 44 روپے 40 پیسے فی یونٹ ہو چکی ہے۔

اویس لغاری نے بتایا کہ 185 ارب روپے کی کراس سبسڈی ختم کرکے صارفین پر مالی بوجھ کم کیا گیا ہے۔ این ٹی ڈی سی کو تین حصوں میں تقسیم کرنے کی منظوری دی گئی ہے اور یہ عمل فروری 2025 تک مکمل ہو جائے گا۔ بلوچستان میں 55 ارب روپے کی لاگت سے ٹیوب ویلز کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کا کام جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے 17 ہزار میگاواٹ کے مہنگے بجلی کے منصوبے روک کر ساڑھے پانچ ہزار ارب روپے کا اضافی بوجھ بچایا۔ آئی پی پیز کے ساتھ معاہدوں پر نظرثانی کے ذریعے 611 ارب روپے کی بچت ہوئی جبکہ مزید مذاکرات جاری ہیں جس سے مزید اربوں روپے بچائے جانے کی توقع ہے۔

اویس لغاری نے اعلان کیا کہ موسم سرما کے لیے صارفین کو خصوصی پیکج دیا جا رہا ہے جس میں 26 روپے فی یونٹ کی پیشکش خطے میں سب سے کم ہے۔ انہوں نے ڈسکوز کی کارکردگی پر بات کرتے ہوئے کہا کہ سندھ اور کوئٹہ کی ڈسکوز کی ناقص کارکردگی پر سخت اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے نیپرا اور پاور ڈویژن کے ریگولیٹری میکنزم میں اصلاحات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس معاملے پر اسٹڈی جاری ہے اور سفارشات کابینہ میں پیش کی جائیں گی۔

اویس لغاری نے کہا کہ یہ وہ وعدے ہیں جو میاں نواز شریف اور مریم نواز نے عوام سے کیے تھے اور حکومت انہیں پورا کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

editor

Related Articles