عازمین حج 2 جنوری 2025ء سے قبل اپنا حج پیکج تبدیل کروا سکتے ہیں، وزارت مذہبی امور

وزارت مذہبی امور نے عازمین حج کے لیے پیکج میں تبدیلی کے حوالے سے وضاحت جاری کر دی۔

وزارت مذہبی امور نے کہا ہے کہ عازمین حج 2 جنوری 2025ء سے قبل اپنا حج پیکج، روانگی کا مقام اور قربانی کے آپشن میں تبدیلی کروا سکتے ہیں تاہم اس کے بعد کسی قسم کی تبدیلی ممکن نہیں ہوگی۔

مزید پڑھیں: حج پروازیں، وزارت مذہبی امور اور سعودی ائیر لائن کے مابین معاہدے طے پاگیا

وزارت نے عازمین حج کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے متعلقہ بینک سے رابطہ کرکے اپنی ضروری تبدیلیاں کروا لیں۔وزارت کے ترجمان نے کہا کہ 2 جنوری تک عازمین حج اپنے پیکج کی تبدیلی کے ساتھ ساتھ دوسری قسط جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع کا فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔

سرکاری سکیم کے عازمین حج کو دوسری قسط کی ادائیگی کی تاریخ 2 جنوری تک بڑھا دی گئی ہے۔ جو عازمین حج مقررہ تاریخ تک دوسری قسط جمع نہیں کرائیں گے، ان کی درخواستیں منسوخ تصور کی جائیں گی اور اس پر کٹوتی بھی کی جائے گی۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ کامیاب ریگولر سکیم کے عازمین حج کو دوسری قسط 4 لاکھ روپے (اختیاری اخراجات جیسے قربانی/2/3 بیڈ شامل) اپنے متعلقہ بینک میں جمع کرانی ہوگی تاکہ ان کی نشستیں کنفرم ہو سکیں۔

عازمین حج کو موبائل ایپ پاک حج ڈاؤن لوڈ کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے تاکہ انہیں فوری رہنمائی حاصل ہو سکے۔ اس کے علاوہ متعلقہ دفاتر بھی عازمین حج کو رہنمائی فراہم کر رہے ہیں۔

دوسری جانب سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور کا اجلاس منگل کو پارلیمنٹ ہاؤس میں چیئرمین سینیٹر مولانا عطاءالرحمن کی زیرصدارت منعقد ہوگا، جس میں حج پالیسی 2025 پر بریفنگ دی جائے گی۔

اجلاس میں نجی حج ٹور آپریٹرز کے ساتھ معاہدے، متروکہ وقف املاک کی جائیدادوں کے حوالے سے سپریم کورٹ کے احکامات پر عمل درآمد اور نجی و سرکاری بلوں کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔

editor

Related Articles