جے یو آئی کے ترجمان اسلم غوری نے کہا ہے کہ دھوکہ مولانا فضل الرحمان کے ساتھ نہیں عمران خان کے ساتھ ہو رہا ہے۔
اسلم غوری نے علی امین گنڈا پور کے بیانات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے کینٹ میں بیٹھ کر خودساختہ روپوشی گزاری۔
انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں کرپشن اور لوٹ مار کا بازار گرم ہے، علی امین گنڈا پور ٹی وی پر جھوٹی بڑھکیں ماررہے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ علی امین اسٹیبلشمنٹ سے بند کمرے میں باقاعدہ معافیاں مانگتے ہیں اور باہر آ کر بڑھکیں مارنا شروع ہو جاتے ہیں۔
انہوں نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ڈی چوک میں کارکنوں کو تنہا چھوڑ کر بھاگنے والا کس منہ سے باتیں کر رہا ہے، علی امین گنڈا پور کی ڈیوٹی لگائی گئی ہے کہ وہ اپوزیشن کو تقسیم کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ دھوکہ مولانا فضل الرحمان کیساتھ نہیں عمران خان کے ساتھ ہو رہا ہے، جے یو آئی نے 2018 کیساتھ 2024 کے الیکشن نتائج کو رد کیا، انہوں نے کہا کہ علی امین گنڈا پور جیسے مہرے اپوزیشن کو تقسیم کرنے کےلئے استعمال ہورہے ہیں۔