اسلام آباد: ملک میں علاج کی قیمتیں مزید بڑھ گئیں، جنوری کا مہینہ مریضوں کے لیے سب سے مشکل ثابت ہوا۔ سرکاری دستاویزات کے مطابق جنوری کے دوران ملک بھر میں ہر قسم کی صحت کی سہولتیں مہنگی ہوگئیں۔
تفصیلات کے مطابق ایک ماہ کے دوران میڈیکل ٹیسٹ کی فیسوں میں 5.36 فیصد کا اضافہ ہوا اور سالانہ بنیادوں پر میڈیکل ٹیسٹ کی فیسیں 15.16 فیصد تک مہنگی ہو گئیں۔ اس کے علاوہ جنوری میں ڈاکٹر کے کلینک کی فیسوں میں 4.28 فیصد کا مزید اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ ڈینٹل سروسز بھی مزید 2.22 فیصد مہنگی ہوگئیں اور سالانہ بنیادوں پر ان میں 26.16 فیصد تک اضافہ ہوا۔
سرکاری دستاویزات میں مزید انکشاف کیا گیا ہے کہ جنوری کے دوران اسپتالوں کی فیسوں میں 0.36 فیصد کا اضافہ ہوا۔ جبکہ گزشتہ ایک سال کے دوران اسپتالوں کی فیسوں میں 13.09 فیصد تک اضافہ ہوا۔ ادویات کی قیمتوں میں بھی جنوری کے دوران 0.52 فیصد کا اضافہ ہوا، اور ایک سال میں ادویات 17.48 فیصد تک مہنگی ہو گئیں۔
مجموعی طور پر جنوری کے دوران ہر قسم کی صحت سہولتیں 1.27 فیصد تک مہنگی ہوگئیں، جو کہ غریب عوام کے لئے مزید مشکلات کا سبب بن رہی ہیں۔