چیمپئنز ٹرافی کا افتتاحی میچ، نیوزی لینڈ کیخلاف کھیلائے جانیوالے ممکنہ کھلاڑیوں کے نام سامنے آگئے

چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ کے افتتاحی میچ میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان زبردست مقابلے کی تیاریاں مکمل ہو چکی ہیں۔

کل کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں ہونے والے اس میچ کے لیے پاکستان کے ممکنہ 11 کھلاڑیوں کے نام سامنے آگئے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق نیوزی لینڈ کے خلاف میچ کے لیے قومی ٹیم میں 2 تبدیلیاں متوقع ہیں۔

فاسٹ بولر حارث روف کی میچ میں شرکت کا امکان ہے تاہم حتمی فیصلہ میچ سے قبل کیا جائے گا۔ جبکہ سعود شکیل اور کامران غلام میں سے کسی ایک بلے باز کو حتمی 11 میں شامل کیا جائے گا۔ باقی کھلاڑیوں میں کپتان محمد رضوان، بابر اعظم، فخر زمان، طیب طاہر، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ، ابرار احمد، خوشدل شاہ اور سلمان علی آغا شامل ہوں گے، جو کل نیوزی لینڈ کے خلاف کراچی کے میدان میں اتریں گے۔

مزید پڑھیں: چیمپئنز ٹرافی 2025: پاکستان بمقابلہ نیوزی لینڈ، کس کا پلڑا بھاری؟

دوسری جانب قومی ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے زخمی حارث روف اور اوپننگ جوڑی سے متعلق اہم بیان دیا ہے۔ نیشنل اسٹیڈیم میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی پریکٹس سیشن کے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے قومی کپتان نے کہا کہ پوری قوم کے لیے خوشی کی بات ہے کہ ایک طویل عرصے کے بعد آئی سی سی کا میگا ایونٹ پاکستان میں ہو رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم دنیا کی کسی بھی بڑی ٹیم سے کم نہیں اور ہم اس ٹورنامنٹ میں اپنی بہترین کارکردگی دکھانے کے لیے پرعزم ہیں۔ کل کے میچ میں پاکستان کی جانب سے جارحانہ کھیل دیکھنے کو ملے گا، جبکہ نیوزی لینڈ کی ٹیم بھی کسی سے کم نہیں۔ دونوں ٹیموں کے درمیان زبردست مقابلے کی توقع ہے۔ کرکٹ شائقین کے لیے یہ میچ انتہائی دلچسپ ثابت ہوگا۔

editor

Related Articles