سخت مقابلہ ، دماغ پر چوٹ لگنے سے سابق باکسر33 برس کی عمر میں چل بسے

سخت مقابلہ ، دماغ پر چوٹ لگنے سے سابق باکسر33 برس کی عمر میں چل بسے

باکسنگ کی دنیا کا ابھرتا ستارہ سابق باکسر پریچارڈ کولون 33 برس کی عمر میں انتقال کرگئے ۔

تفصیلات کے مطابق باکسنگ رنگ میں شاندار مستقبل  لیے نوجوان باکسرکی زندگی ایک خطرناک مقابلے کی نذرہوگئی ، پورٹو ریکو سے تعلق رکھنے والے سابق باکسر پریچارڈ کولون صرف  33 برس کی عمر میں زندگی کی بازی ہار گئے ۔

2015ء میں ہونے والی ایک فائٹ کے دوران دماغ پر لگنے والی شدید چوٹ کے بعد وہ طویل عرصے تک کوما میں رہے اور بقیہ زندگی اعصابی پیچیدگیوں اور مسلسل نگہداشت میں گزاری۔

پریچارڈ کولون کا مقابلہ امریکی باکسر ٹیرل ولیمز سے ہوا،  فائٹ کے دوران انہیں سر پر شدید چوٹیں آئیں، جس کے بعد ان کی طبیعت بگڑ گئی اور انہیں فوری طور پر سرجری کے لیے اسپتال منتقل کرنا پڑا۔

اس واقعے کے بعد سابق باکسر طویل عرصے تک بے ہوشی کی حالت میں رہے ، جب وہ کوما سے باہر آئے تو ڈاکٹروں اور اہل خانہ کے سامنے ان کی صحت کو پہنچنے والے اعصابی نقصان کی سنگینی واضح ہوگئی، اس کے بعد ان کی زندگی پہلے جیسی نہ رہی اور انہیں روزمرہ زندگی کے لیے مسلسل مدد درکار تھی اور طویل عرصے تک 24 گھنٹے نگہداشت میں رکھا گیا۔

یہ بھی پڑھیں :آئی سی سی کی نئی ٹیسٹ رینکنگ جاری ، بابر اعظم کی ٹاپ 10 میں شاندار واپسی

پریچارڈ کولون کے والد رچرڈ کولون نے رات فیس بک پر اپنے بیٹے کے انتقال کی اطلاع دیتے ہوئے گہرے دکھ کے ساتھ کہا کہ پریچارڈ کے اس دنیا سے رخصت ہونے پر انہیں افسوس ہے، تاہم اب ان کا بیٹا ایک بہتر دنیا میں ہے۔

سابق باکسر اپنی زندگی کے آخری برسوں میں فلوریڈا میں اپنے اہل خانہ کے ساتھ مقیم تھے، جہاں ان کا انتقال ہوا۔

ناقابلِ شکست ریکارڈ کے باوجود ادھورا سفر

سابق باکسر اپنے دور میں باکسنگ کے ابھرتے ہوئے ستاروں میں شمار ہوتے تھے ، اکتوبر 2015ء تک ان کا ریکارڈ ناقابلِ شکست تھا اور وہ 16 فائٹس میں کامیابی حاصل کرچکے تھے، جن میں 13 مقابلے ناک آؤٹ کے ذریعے جیتے۔

پریچارڈ کولون نے پروفیشنل باکسنگ میں شاندار آغاز کیا تھا جہاں ٹیرل ولیمز کے خلاف فائٹ سے پہلے انہوں نے اپنے تمام 16 مقابلوں میں کامیابی حاصل کی تھی ، ان  16 فتوحات میں 13 ناک آؤٹ شامل تھے، جو ان کی جارحانہ فائٹنگ اور غیر معمولی صلاحیتوں کا واضح ثبوت تھا تاہم ایک فائٹ کے دوران لگنے والی شدید دماغی چوٹ نے ان کے کھیل کے ساتھ ساتھ پوری زندگی تبدیل کردی۔

پریچارڈ کولون کی کہانی باکسنگ کے خطرات اور کھلاڑیوں کی صحت کی اہمیت کو بھی اجاگر کرتی ہے ، ان کا انتقال ان کے اہل خانہ اور مداحوں کے لیے ایک بڑا صدمہ ہے۔

editor

Related Articles