بی آئی ایس پی سے مستفید ہونے والے شہریوں کے لیے اہم ہدایات جاری

بی آئی ایس پی  سے مستفید ہونے والے شہریوں  کے لیے اہم ہدایات جاری

بینظیر انکم سپورٹ پروگرام نے رجسٹرڈ خواتین کے لیے بینظیر سم اور ڈیجیٹل والیٹ سے متعلق اہم ہدایات جاری کرتے ہوئے انہیں غیر مجاز افراد اور افواہوں سے محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔

بی آئی ایس پی ترجمان کے مطابق مستحق خواتین اپنی بینظیر سم صرف بی آئی ایس پی کے نامزد دفاتر سے حاصل کریں۔ غیر مجاز مقامات یا غیر متعلقہ افراد سے سم وصول کرنے کی صورت میں انہیں مشکلات کا سامنا ہوسکتا ہے۔

بی آئی ایس پی نے مستفید ہونے والوں پر زور دیا ہے کہ وہ سوشل میڈیا یا دیگر ذرائع سے پھیلائی جانے والی افواہوں اور غلط معلومات پر توجہ نہ دیں اور کسی بھی رہنمائی یا معلومات کے لیے اپنے قریبی بی آئی ایس پی دفتر سے رابطہ کریں۔

بینظیر سم مفت حاصل کی جاسکے گی

بی آئی ایس پی کے مطابق جن خواتین کو ابھی تک بینظیر سم نہیں ملی، وہ اپنے قریبی بی آئی ایس پی دفتر سے یہ سم مفت حاصل کرسکتی ہیں۔ اس مقصد کے لیے اصل شناختی کارڈ اور اپنا ذاتی موبائل فون ساتھ لانا ضروری ہوگا۔

سم وصول کرتے وقت خواتین کو بی آئی ایس پی کے عملے سے اسے اپنے موبائل فون میں انسٹال کروانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ مستحقین کو خبردار کیا گیا ہے کہ وہ سم کی تنصیب یا دیگر معاملات میں کسی ایجنٹ یا غیر مجاز شخص کی مدد نہ لیں۔

یہ بھی پڑھیں: حکومت نے بجٹ میں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سے متعلق بڑی خوشخبری سنا دی

موبائل فون کسی کے حوالے نہ کریں

بی آئی ایس پی نے خواتین کو خاص طور پر ہدایت کی ہے کہ وہ اپنا موبائل فون کسی ایجنٹ یا غیر متعلقہ فرد کے حوالے نہ کریں۔ ادائیگی وصول کرنے کے لیے اصل شناختی کارڈ اور بائیومیٹرک تصدیق درکار ہوتی ہے، اس لیے موبائل فون کسی دوسرے شخص کے حوالے کرنے کی ضرورت نہیں۔

مستحق خواتین کو یہ بھی مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ اپنا موبائل فون اور رجسٹرڈ موبائل نمبر ہر وقت اپنے پاس رکھیں تاکہ کوئی دوسرا شخص اہم پیغامات، ادائیگی کی معلومات یا شکایات سے متعلق پیغامات حذف نہ کرسکے۔

ڈیجیٹل والیٹ میں رقم منتقل ہونے پر ایس ایم ایس

بی آئی ایس پی حکام کے مطابق جب رقم کسی مستحق خاتون کے ڈیجیٹل والیٹ میں منتقل کی جائے گی تو متعلقہ بینک کی جانب سے اسے ایس ایم ایس موصول ہوگا۔ رقم نکلوانے کے بعد ایک اور تصدیقی پیغام بھی بھیجا جائے گا، جس میں منتقل اور وصول کی جانے والی رقم کی تفصیلات درج ہوں گی۔

بی آئی ایس پی کے مطابق یہ تصدیقی پیغام ادائیگی کے ثبوت کے طور پر بھی کام کرے گا اور مستحق خاتون اس کے ذریعے تصدیق کرسکے گی کہ اسے مکمل رقم موصول ہوئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بی آئی ایس پی سے فائدہ اٹھانے والوں کے لئے بڑی خوشخبری

تمام خدمات مفت، فیس طلب کرنے والوں سے محتاط رہیں

بی آئی ایس پی نے ایک بار پھر واضح کیا ہے کہ پروگرام کے تحت فراہم کی جانے والی تمام ادائیگیاں، سہولیات اور خدمات مکمل طور پر مفت ہیں۔ اگر کوئی شخص سم، ادائیگی یا کسی دوسری بی آئی ایس پی سہولت کے عوض فیس یا غیر ضروری رقم کا مطالبہ کرے تو مستحق خواتین کو محتاط رہنے اور فوری طور پر اپنے قریبی بی آئی ایس پی دفتر سے رابطہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

بی آئی ایس پی نے مستحق خواتین سے کہا ہے کہ وہ اپنی ذاتی معلومات، شناختی دستاویزات اور موبائل فون کے تحفظ کو یقینی بنائیں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی یا غیر مجاز شخص کے مطالبے کی صورت میں متعلقہ حکام سے رجوع کریں۔

Related Articles