پاکستان اپنے دفاع اور قومی مفادات کے تحفظ کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گا: وزیراعظم

پاکستان اپنے دفاع اور قومی مفادات کے تحفظ کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گا: وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اپنے دفاع، آبی وسائل اور دیگر قومی مفادات کے تحفظ کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ آج پاکستان اقوام عالم میں ایک مضبوط، پُرعزم، باوقار اور امن کی توانا آواز کے طور پر پہچانا جاتا ہے۔

جشن آزادی کے موقع پر سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’’ایکس‘‘ پر جاری اپنے پیغام میں وزیراعظم نے پاکستان اور بیرون ملک مقیم تمام پاکستانیوں کو یوم آزادی کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی آزادی کے 79 سال مکمل ہونا پوری قوم کے لیے باعث مسرت اور فخر ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ تحریک آزادی میں قائداعظم محمد علی جناح، مفکر پاکستان علامہ محمد اقبال اور دیگر عظیم رہنماؤں نے تاریخی کردار ادا کیا۔ پوری قوم آج آزادی کی جدوجہد کے قائدین، کارکنان اور اپنے اسلاف کو سلام پیش کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ قائداعظم کی مدبرانہ اور بصیرت افروز قیادت، ہمارے آباؤ اجداد کی عظیم قربانیوں، تحریک آزادی کے رہنماؤں کے غیرمتزلزل عزم اور اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے آزاد مملکت کا خواب شرمندۂ تعبیر ہوا۔

شہباز شریف کے مطابق تحریک آزادی کے رہنماؤں کی سیاسی جدوجہد نے برصغیر کے مسلمانوں کو ایک آزاد وطن کے مقصد پر متحد کیا، جبکہ آباؤ اجداد نے لازوال قربانیوں، صعوبتوں اور مشکلات کا سامنا کرتے ہوئے آزادی کی منزل حاصل کی۔

یہ بھی پڑھیں: صدرمملکت اور وزیراعظم کی یوم آزادی کے موقع پر پوری قوم کو مبارکباد

وزیراعظم نے کہا کہ 14 اگست 1947ء کو پاکستان کی صورت میں ایسی سرزمین حاصل ہوئی جہاں مسلمان ایک آزاد قوم کی حیثیت سے عزت و وقار کے ساتھ اپنی دینی اور تہذیبی اقدار کے مطابق زندگی گزار سکیں۔ ان کے مطابق پاکستان اسلامی تعلیمات اور بابائے قوم کے نظریات کی روشنی میں تمام شہریوں کو بلاامتیاز رنگ و نسل آزادی کی ضمانت دیتا ہے، جبکہ آئین اور قوانین تمام شہریوں کے حقوق کے ضامن ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کا سفر تابناک مستقبل کی جانب جاری ہے۔ دفاع وطن، معیشت، صنعت و حرفت، عدلیہ، میڈیا، کھیل، تعلیم، ہنر، سائنس و ٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں میں پاکستانی مرد و خواتین نے اپنی صلاحیتوں اور محنت سے ملک کی ترقی میں کردار ادا کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کے باصلاحیت نوجوان، ہنرمند افرادی قوت، پیشہ ور ماہرین، محنت کش کسان اور مزدور پاکستان کے روشن مستقبل کے ضامن ہیں۔

وزیراعظم نے دعویٰ کیا کہ حکومت نے گزشتہ ڈھائی سال کے دوران مشکل مراحل طے کرتے ہوئے مستحکم معیشت کا ہدف حاصل کیا ہے اور اب ملک ترقی یافتہ معیشت کی منزل کی جانب بڑھ رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم شہباز شریف 14 اگست کو تاجروں کے لیے کون سا بڑا تحفہ لانے والے ہیں؟

انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ دو برس کے دوران بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے بھیجی جانے والی ترسیلات زر میں 11.3 ارب ڈالر کا اضافہ ہوا، جو حکومتی پالیسیوں پر اوورسیز پاکستانیوں کے مسلسل اعتماد کی عکاسی کرتا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے اور ترقی و خوشحالی کے اہداف حاصل کرنے کے لیے قومی اتحاد، محنت اور عزم کو مزید مضبوط بنانا ہوگا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ملک کے دفاع اور قومی مفادات کے تحفظ کے لیے ریاست ہر ممکن اقدام جاری رکھے گی۔

Related Articles