واہگہ بارڈر پر یوم آزادی کے موقع پر پرچم اتارنے کی پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب کے دوران شرکا کا جوش و خروش اور جذبہ حب الوطنی دیدنی رہا۔
تقریب کا آغاز قومی ترانے سے ہوا، جس کے احترام میں پنڈال میں موجود شہریوں نے بھرپور شرکت کی۔ بڑی تعداد میں شرکا نے ہاتھوں میں سبز ہلالی پرچم تھام رکھے تھے، جبکہ نوجوانوں کا جوش و جذبہ خصوصی طور پر نمایاں رہا۔
تقریب کے دوران فضا ملی نغموں اور حاضرین کے فلک شگاف نعروں سے گونجتی رہی۔ شرکا کی جانب سے نعرہ تکبیر، پاکستان زندہ باد اور پاک فوج زندہ باد کے نعرے بلند کیے جاتے رہے۔
پاکستان رینجرز کے جوانوں کی ولولہ انگیز پریڈ نے تقریب میں موجود شہریوں کے جوش و جذبے کو مزید بڑھا دیا۔ پریڈ میں پاکستان رینجرز کی خواتین اہلکاروں نے بھی شرکت کی، جن کی پیشہ ورانہ مہارت اور جذبے کو حاضرین نے بھرپور سراہا۔
پاکستان رینجرز کے شیر دل جوانوں کی پریڈ، قدموں کی دھمک اور وطن کے دفاع کے عزم نے شرکا میں جوش و ولولہ پیدا کردیا۔ پنڈال میں موجود بچوں، خواتین اور بزرگوں نے پُرجوش انداز میں جوانوں کا حوصلہ بڑھایا اور قومی نعروں میں بھرپور شرکت کی۔
واہگہ بارڈر پر منعقدہ تقریب میں شہریوں کی بڑی تعداد کی شرکت نے یوم آزادی کے موقع پر عوام کے جذبہ حب الوطنی کی بھرپور عکاسی کی، جبکہ پاکستان رینجرز کے جوانوں نے اپنی شاندار پریڈ کے ذریعے وطن کے دفاع کے عزم کا اظہار کیا۔