واٹس ایپ نے صارفین کے لیے زبردست فیچر متعارف کرادیا

واٹس ایپ نے اپنے بیٹا پروگرام میں شامل منتخب اینڈروئیڈ صارفین کے لیے طویل عرصے سے متوقع چیٹ اور وائس ٹرانسلیشن فیچر متعارف کروانا شروع کر دیا ہے۔

ڈبلیو اے بیٹا انفو کے مطابق واٹس ایپ کی ٹرانسلیشن صلاحیت بیٹا ورژن 2.25.12.25 استعمال کرنے والے صارفین کے لیے دستیاب ہے، جس میں مستقبل قریب میں وسیع پیمانے پر عوامی رول آؤٹ متوقع ہے۔

واٹس ایپ میں یہ اپ ڈیٹ صارفین کو ایپ کے اندر براہ راست ہسپانوی، عربی، پرتگالی، ہندی اور ریشیئن زبان میں لکھے گئے پیغامات کا ترجمہ کرنے کے قابل بناتا ہے۔ واٹس ایپ اَپ ڈیٹ کی اس خصوصیت کا ایک اہم فائدہ یہ ہے کہ ترجمہ ڈیوائس پر ہی ممکن ہو گا، اس میں انٹرنیٹ کنکشن کے بغیر بھی ترجمہ کیا جا سکے گا۔

واٹس ایپ کے اس نئے ٹول کو استعمال کرنے کے لیے صارفین کو پہلے انفرادی طور پر یا ملٹی لینگویج ڈیٹیکشن پیک کے حصے کے طور پر مخصوص لینگویج پیک ڈاؤن لوڈ کرنا ہوگا۔ ایک بار انسٹال ہونے کے بعد ترجمہ ٹوگل چیٹ انفارمیشن اسکرین کے اندر پایا جاسکتا ہے اور انفرادی اور گروپ گفتگو دونوں کے لیے فعال کیا جاسکتا ہے۔

مزید یہ کہ صارفین کے پاس پیغام کو کچھ دیر دبا کر اور ’ترجمہ‘ کو منتخب کرکے انفرادی پیغامات کو مینوئل طور پر ترجمہ کرنے کا اختیار بھی حاصل ہے۔ اگرچہ آن ڈیوائس سسٹم اپنی ہلکی پھلکی نوعیت کی وجہ سے کلاؤڈ بیسڈ ٹرانسلیشن سروسز کی درستی سے میل نہیں کھا سکتا، لیکن واٹس ایپ صارفین کو اس ٹول کو مزید بہتر بنانے کے لیے فیڈ بیک جمع کرانے کی درخواست بھی کر رہا ہے۔

بیٹا ٹیسٹرز جو پہلے ہی اپ ڈیٹ حاصل کرچکے ہیں ان کی حوصلہ افزائی کی جاتی ہے کہ وہ وسیع تر لانچ سے پہلے اس خصوصیت کو بہتر بنانے میں مدد کے لیے اپنے تجربات کا اشتراک کریں۔

Related Articles