امریکہ کے بعد برطانیہ کی حکومت نے بھی پاک بھارت کشیدگی کے باعث اپنے شہریوں کو پاکستان اور بھارت کا سفر کرنے سے اجتناب کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔
پہلگام واقعے کے بعد بھارت نے بنا کسی ثبوت کے پاکستان پر الزامات عائد کیے جس سے صورتحال کشیدہ ہو گئی ۔
رپورٹ کے مطابق برطانوی حکام نےسفری انتباہ میں اپنے شہریوں کو پاک بھارت بارڈر اور لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے قریب سفر کرنے سے خبردار کیا گیا ہے، حکام کی جانب سے کہا گیا ہے کہ یہ علاقے سیکیورٹی خدشات کی بنا پر خطرناک ہو سکتے ہیں۔
خیال رہے کہ بھارت اور پاکستان اپنے اپنے حصے میں سرحد پر مضبوط فوجی موجودگی رکھتے ہیں۔
برطانوی ایڈوائزری کے مطابق، بھارت اور پاکستان کے شہریوں کے لیے واحد سرکاری سرحدی گزرگاہ پاکستان کے صوبہ پنجاب میں واہگہ اور بھارت کے اٹاری کے درمیان واقع ہے۔
واضح رہے اس سے قبل امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے ایڈوائزری جاری کی گئی تھی جس میں امریکی شہریوں کو دہشت گردی اور دیگر خطرات کے پیش نظر احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی تھی۔
ایڈوائزری میں منی پور میں تشدد اورجرائم کےعلاوہ بھارت میں ریپ کے بڑھتے ہوئے واقعات کا بھی تذکرہ کیا گیا تھا۔