پشاور میں پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے خیبر پختونخوا میں مبینہ کرپشن کے خلاف ’’صوبہ بچاؤ تحریک‘‘ کے تحت آج احتجاج کیا جارہا ہے جس میں مختلف اضلاع سے پارٹی کارکنان شریک ہیں۔
پولیس نے ریڈ زون کے داخلی اور خارجی راستوں کو مکمل طور پر بند کر دیا ہے، جب کہ بڑی تعداد میں پیپلز پارٹی کے کارکنان اسمبلی چوک پر موجود ہیں اور حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کر رہے ہیں۔اطلاعات کے مطابق مظاہرین نے ریڈ زون میں داخل ہونے کی کوشش کی جس پر پولیس نے مظاہرین پر آنسو گیس کی شیلنگ کی، جس سے صورتحال کشیدہ ہوگئی۔
ٹریفک پولیس کے مطابق خیبر روڈ کی بندش کے باعث ٹریفک کو متبادل راستوں کی طرف موڑ دیا گیا ہے تاکہ شہریوں کو کم سے کم پریشانی کا سامنا ہو۔ پیپلز پارٹی کے مشتعل مظاہرین نے پشاور میں عمران خان رہائی تحریک کیلئے لگائے گئے کیمپ کو آگ لگا دی۔
ایس ایس پی آپریشنز پشاور مسعود بنگش نے میڈیا کے نمائندوں کو بتایا کہ احتجاج میں شریک چند نقاب پوشوں نے ریڈ زون میں داخل ہونے کی کوشش کی، پولیس نے ان کو روکنے کےلئے شیلنگ کی۔
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان آپس میں الجھ پڑے ہیں تاہم تحریک انصاف کے کارکنان کے الجھنے کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہوسکی۔

