نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے کیس سے متعلق ان کے بیان کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا جا رہا ہے۔
حالانکہ حکومت پاکستان سفارتی اور قانونی سطح پر ہر ممکن معاونت فراہم کر رہی ہے اور یہ سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رہے گا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے بیان میں اسحاق ڈار نے وضاحت کی کہ گزشتہ روز واشنگٹن میں امریکی تھنک ٹینک ’اٹلانٹک کونسل‘ میں عمران خان کے کیس سے متعلق ایک سوال کے جواب میں ڈاکٹر عافیہ صدیقی کا حوالہ دیا گیا جسے درست سیاق و سباق میں نہیں لیا گیا۔
انہوں نے واضح کیا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومتوں نے ہمیشہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کے لیے سفارتی اور عدالتی ذرائع استعمال کیے ہیں اور یہ کوششیں آئندہ بھی اس وقت تک جاری رہیں گی جب تک یہ معاملہ حل نہیں ہو جاتا۔
یہ خبر بھی پڑھیں :اسحاق ڈارکی امریکی وزیرخارجہ سے ملاقات، تجارت اور سرمایہ کاری سمیت اہم شعبوں میں تعاون پرتبادلہ خیال
اسحاق ڈار نے زور دیا کہ دنیا کے ہر ملک کا اپنا عدالتی اور قانونی نظام ہوتا ہے جس کا احترام لازم ہے خواہ وہ پاکستان ہو یا امریکا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے معاملے پر حکومت پاکستان کا مؤقف دو ٹوک اور واضح ہے، اور اس حوالے سے کسی ابہام کی گنجائش نہیں۔
میریے گزشتہ روز اٹلانٹک کونسل تھنک ٹینک واشنگٹن میں عمران خان کے کیس کے بارے سوال کے جواب میں ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے کیس کے حوالے کو سیاق و سباق سے ہٹ کر لیا جا رہا ہے. ن لیگ کی حکومتوں کے ادوار میں ہم ہمیشہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کے لئیے تمام تر سفارتی اور عدالتی معاونت…
— Ishaq Dar (@MIshaqDar50) July 26, 2025
یاد رہے کہ گزشتہ روز اٹلانٹک کونسل میں ایک سوال کے جواب میں اسحاق ڈار نے کہا تھا کہ اگر کوئی ریاست کے خلاف ہتھیار اٹھائے اور وہ سب کچھ کرے جو 9 مئی کو ہوا تو قانون حرکت میں آئے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں شفاف قانونی عمل جاری ہے اور اسے سیاسی رنگ دینا مناسب نہیں جیسا کہ عافیہ صدیقی عشروں سے امریکا میں قید ہیں اور معلوم نہیں وہ کب تک وہاں رہیں گی۔


