اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان وزیر اعظم ہاؤس اسلام آباد پہنچ گئے جہاں وزیراعظم شہباز شریف ان کا پرتپاک استقبال کیا۔
وزیراعظم ہاؤس آمد کے موقع پر دونوں رہنماؤں نے گرمجوشی سے مصافحہ کیا، اس موقع پر دونوں ممالک کے ترانے بھی بجائے گئے، ایرانی صدر کے اعزاز میں مسلح افواج کی جانب سے گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا، مسعود پزشکیان نے گارڈ آف آنر کا معائنہ کیا۔
وزیراعظم نے معزز مہمان سے اپنی کابینہ کے ارکان کا تعارف کرایا جبکہ ایرانی صدر نے بھی وزیراعظم شہباز شریف سے اپنے وفد کے ارکان کی تعارف کرایا۔
بعدازاں ایران کے صدر مسعود پزشکیاں نے وزیراعظم ہاؤس میں پودا بھی لگایا۔
یہ ملاقات ان کے دو روزہ سرکاری دورہ پاکستان کے دوران اہم سفارتی سرگرمی کا حصہ ہے۔
ایرانی صدر گزشتہ روز پاکستان پہنچے تھے اور اپنے دورے کے آغاز پر انہوں نے لاہور میں شاعر مشرق علامہ اقبال کے مزار پر حاضری دی، جہاں انہوں نے پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی ، بعد ازاں انہوں نے مسلم لیگ (ن) کے صدر اور وزیراعظم پاکستان شہباز شریف سے بھی غیر رسمی ملاقات کی تھی۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم پاکستان اور ایرانی صدر کے درمیان ملاقات میں باہمی تعاون کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا، بعد ازاں معاہدوں اور مفاہمتی یاداشتوں پر دستخط کئے جائیں گے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ ایرانی صدر مسعود پزشکیان کے اعزاز میں ظہرانے کا انتظام بھی کیا گیا ہے۔