مفت سولر پینل کیسے حاصل کیے جائیں؟ اہلیت اور درخواست دینے کا طریقہ سامنے آ گیا

مفت سولر پینل کیسے حاصل کیے جائیں؟ اہلیت اور درخواست دینے کا طریقہ سامنے آ گیا

سندھ حکومت نے صوبے کے کم آمدنی والے شہریوں کو مہنگی بجلی کے بوجھ سے نجات دلانے کے لیے بڑا فیصلہ کر لیا ہے۔

حکومت نے ایسے صارفین کو مفت سولر سسٹم فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے جن کا ماہانہ بجلی کا استعمال سو یونٹ سے کم ہے۔ اس منصوبے کے تحت ایک لاکھ تیس ہزار مستحق خاندانوں کو سولر پینلز مہیا کیے جائیں گے تاکہ انہیں بلوں کی پریشانی سے نجات دلائی جا سکے اور متبادل توانائی کے ذرائع کو فروغ دیا جا سکے۔

حکومت کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق صرف وہی افراد اس اسکیم کے لیے اہل ہوں گے جن کا گزشتہ چھ ماہ کے دوران ہر ماہ کا بجلی کا استعمال سو یونٹ سے کم رہا ہو۔ مزید یہ کہ درخواست دہندہ نے ماضی میں کسی سرکاری اسکیم کے تحت سولر سسٹم حاصل نہ کیا ہو۔

اس منصوبے سے فائدہ اٹھانے کے خواہشمند افراد کو اپنا قومی شناختی کارڈ اور گزشتہ چھ ماہ کے بجلی کے بل کے ساتھ درخواست فارم پُر کرنا ہوگا۔ اس فارم کی تصدیق متعلقہ یونین کونسل چیئرمین یا کسی گریڈ 17 یا اس سے اوپر کے گزیٹڈ آفیسر سے کرانا ضروری ہے۔ مکمل شدہ درخواست محکمہ توانائی سندھ، پروجیکٹ آف ہوم سولر سسٹم آن گرڈ کے دفتر میں جمع کرائی جائے گی۔

درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 20 اگست 2025 مقرر کی گئی ہے۔ سندھ حکومت کے مطابق یہ اقدام نہ صرف مہنگائی سے متاثرہ عوام کو ریلیف فراہم کرے گا بلکہ صوبے میں بجلی کے بحران پر قابو پانے میں بھی مددگار ثابت ہوگا۔

Related Articles