پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کو مزید تقویت دینے کے لیے چین کے وزیر خارجہ اور کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کے پولیٹ بیورو کے سینیئر رکن وانگ ای 21 اگست 2025 کو اسلام آباد کا دورہ کریں گے۔
دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق چین کے وزیر خارجہ پاکستان کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی دعوت پر چھٹے پاک-چین وزرائے خارجہ اسٹریٹجک مکالمے کی مشترکہ صدارت کریں گے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ’یہ مکالمہ پاکستان اور چین کے درمیان جاری اعلیٰ سطح کے روابط کا حصہ ہے، جس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان ’ہمہ موسمی اسٹریٹجک تعاون پر مبنی شراکت داری‘ کو مزید گہرا کرنا، ایک دوسرے کے بنیادی مفادات پر حمایت کا اعادہ کرنا، اقتصادی و تجارتی تعاون کو فروغ دینا اور علاقائی امن، ترقی اور استحکام کے لیے مشترکہ عزم کی توثیق کرنا ہے۔
وانگ ای کا یہ دورہ پاکستان اور چین کے درمیان قریبی اور دیرینہ تعلقات کا مظہر ہے اور دونوں ممالک باہمی، علاقائی اور عالمی امور پر قریبی تعاون جاری رکھے ہوئے ہیں۔ توقع ہے کہ اس دورے کے دوران چین، پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) میں پیش رفت، علاقائی سلامتی کی صورتحال اور کثیرالملکی پلیٹ فارمز پر تعاون جیسے موضوعات زیر بحث آئیں گے۔
2019 میں شروع ہونے والا یہ اسٹریٹجک مکالمہ ایک اہم پلیٹ فارم بن چکا ہے جہاں دونوں ممالک سیاسی، سلامتی، اقتصادی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کرتے ہیں اور اپنی خارجہ پالیسی کے اہداف کو ہم آہنگ کرتے ہیں۔
دونوں ممالک کے حکام کو یقین ہے کہ آنے والا مکالمہ ، خصوصاً موجودہ علاقائی حالات کے تناظر میں اسلام آباد اور بیجنگ کے درمیان تعاون اور اسٹریٹجک ہم آہنگی کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا ۔