شانگلہ میں سیلابی ریلے سے گاؤں شائی درہ مکمل تباہ،سکول بھی بہہ گیا

شانگلہ میں سیلابی ریلے سے گاؤں شائی درہ مکمل تباہ،سکول بھی بہہ گیا

سوات کی تحصیل شانگلہ میں آنے والے شدید سیلابی ریلے نے گاؤں شائی درہ کو مکمل طور پر تباہ کر دیا۔

رپورٹس کے مطابق گاؤں میں موجود گھروں، بازار اور بچیوں کے واحد پرائمری سکول کو سیلاب بہا لے گیا جبکہ رابطہ سڑک ٹوٹنے کی وجہ سے امدادی سامان بھی تاحال وہاں نہیں پہنچ سکا۔

مقامی افراد کا کہنا ہے کہ آفت کو گزرے دس روز بیت گئے مگر زاہد آباد کے کئی گھروں اور گلیوں کی صفائی ابھی تک مکمل نہیں ہو سکی، جس کے لیے حکومتی محکمے اور رضاکار مسلسل کام کر رہے ہیں۔

یہ خبربھی پڑھیں :سیلاب متاثرین کی مدد میں سرگرم،پنجاب رینجرز کا ہنگامی ریسکیو آپریشن جاری

ادھر ضلع غذر میں سیلاب سے چٹورکھنڈ اور دائن کو ملانے والا پل گر گیا جس کے باعث گاہکوچ اور گلگت سے رابطہ دو ہفتوں سے منقطع ہے اور لوگ شدید مشکلات سے دوچار ہیں۔

غذر کے علاقے میں گلیشیئر پھٹنے کے بعد تالی داس، راوشن سمیت قریبی دیہات میں ریسکیو سرگرمیاں جاری ہیں تاہم گلگت شندور شاہراہ بند ہونے سے بالائی علاقوں میں آمدورفت معطل ہے۔

ترجمان گلگت بلتستان حکومت کے مطابق تالی داس کے متاثرہ باشندوں کی بحالی کے لیے نئے گاؤں بسانا ہی واحد حل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کے تعاون سے متاثرین کے لیے متبادل گاؤں قائم کیا جائے گا جبکہ دائن چٹورکھنڈ آر سی سی پل کی دوبارہ تعمیر بھی وفاق کے تعاون سے ممکن بنائی جائے گی۔

editor

Related Articles