پی ٹی آئی پہلے بھی استعفے دے چکی،دوبارہ تجربہ کرلے، بات تب ہوگی جب مارچ ختم ہوگا،رانا ثنا اللہ

پی ٹی آئی پہلے بھی استعفے دے چکی،دوبارہ تجربہ کرلے، بات تب ہوگی جب مارچ ختم ہوگا،رانا ثنا اللہ

وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور سینیٹر رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے مذاکرات کی پیشکش اب بھی موجود ہے، تحریک انصاف لانگ مارچ ختم کرے تو بات چیت ہوسکتی ہے۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں وفاقی حکومت نے جو بھی فیصلہ کیا ہے، تمام اداروں اور صوبائی حکومتوں کو غیر مشروط طور پر اس کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کو بھی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں غیر مشروط طور پر پاکستان اور وفاقی حکومت کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے،رانا ثناء اللہ نے کہا کہ حکومت نے تحریک انصاف سے کبھی یہ نہیں کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات نہیں کرائی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں :پی ٹی آئی کا لانگ مارچ مکمل ناکام،اسلام آباد پہنچنے کی پوزیشن میں نہیں،رانا ثنا اللہ

انہوں نے کہا کہ  حکومت نے پی ٹی آئی سے کہا تھا کہ وہ اپنی ذمہ داری پر کھڑی ہو، حکومت اور پاکستان کا ساتھ دے،انہوں نے کہا کہ عمران خان سے ملاقات، علاج معالجے اور ذاتی ڈاکٹر سے متعلق معاملات حل کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی گئی تھی۔

وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور کا کہنا تھا کہ مذاکرات آگے نہ بڑھنے کی ایک وجہ یہ تھی کہ تحریک انصاف نے دہشت گردی کے خلاف حکومت کی بنائی گئی پالیسی سے اتفاق نہیں کیا اور اس پر عملدرآمد کی مخالفت کی۔

رانا ثناء اللہ نے واضح کیا کہ وزیراعظم کی مذاکرات کی پیشکش اب بھی موجود ہے،انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف لانگ مارچ ختم کرے تو بات چیت ہوسکتی ہے،رانا ثناء اللہ نے کہا کہ تحریک انصاف لانگ مارچ ایک ماہ بھی جاری رکھے تو خود تھک جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ تعداد اسلام آباد آنے کی پوزیشن میں نہیں،وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور نے کہا کہ اگر تحریک انصاف استعفے دینا چاہتی ہے تو یہ بھی پہلے کرچکی ہے،انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف دو اسمبلیاں توڑنے کا تجربہ بھی کرچکی ہے اور دوبارہ ایسا کرکے دیکھ سکتی ہے۔

رانا ثناء اللہ نے مزید کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مولانا فضل الرحمان حکومت اور افواج پاکستان کے ساتھ ہیں،انہوں نے کہا کہ حکومت کے مولانا فضل الرحمان سے رابطے بھی موجود ہیں۔

editor

Related Articles