گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے تحریک انصاف کے لانگ مارچ کے حوالے سے اہم انکشاف کرتے ہوئے کہا ہے کہ مارچ کرنے والے اٹک کراس نہیں کریں گے بلکہ صوابی میں ڈیرہ ڈالیں گے، کیونکہ انہیں معلوم ہے کہ اگر ایک قدم بھی صوبے سے باہر رکھا تو کیا حشر ہوگا۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ اس لانگ مارچ کا کوئی نتیجہ نہیں نکلے گا،انہوں نے خیبرپختونخوا کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ سابق وزیراعلیٰ خود رات کو گھوم نہیں سکتے، جبکہ یہ لوگ دہشت گردوں کے خلاف کھڑے نہیں ہوسکتے۔
یہ بھی پڑھیں :صوبہ دہشت گردوں کے حوالے ہے،پی ٹی آئی کا فوکس اڈیالہ اور ڈی چوک ہے ،گورنر خیبر پختونخوا
گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ یہ بزدل لوگ ہیں اور دہشت گردوں کے خلاف کھڑے نہیں ہوسکتے،ان کا کہنا تھا کہ یہ لوگ کبھی کسی فوجی جوان کے جنازے میں نہیں جاتے،فیصل کریم کنڈی نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ سننے میں آرہا ہے کہ یہ پشاور میں آج قیام کرکے خیبر چلے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ انہیں پہلے دن سے معلوم تھا کہ مذاکرات ناکام ہونے ہیں،گورنر خیبرپختونخوا نے بتایا کہ سب کچھ فائنل ہونے کے بعد اپوزیشن کمیٹی نے کہا کہ وزیراعلیٰ نہیں مان رہے،انہوں نے کہا کہ محسن نقوی سے ملاقات میں لانگ مارچ، امن و امان اور مذاکرات کے معاملات پر بات ہوئی۔
فیصل کریم کنڈی کے بیان میں لانگ مارچ کی پیش رفت، مذاکرات اور خیبرپختونخوا کی صورتحال کے حوالے سے حکومت کے مؤقف کا اظہار کیا گیا، ان کا کہنا تھا کہ مارچ کرنے والوں کی سرگرمیوں سے کوئی نتیجہ برآمد نہیں ہوگا اور ان کے مطابق انہیں صوبے سے باہر جانے کی صورتحال کا بھی اندازہ ہے۔
