فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے سوشل میڈیا پر دولت کی نمائش کرنے والے افراد کے خلاف کارروائی شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ایف بی آر نے ان تمام افراد کا ریکارڈ اکٹھا کر لیا ہے جو سوشل میڈیا پر اپنی عالیشان زندگی، قیمتی گاڑیاں، بنگلے اور زیورات کی نمائش کرتے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پہلے مرحلے میں ایک لاکھ امیر افراد کا آڈٹ کیا جائے گا۔ ان میں وہ افراد بھی شامل ہیں جو شادیوں پر بھاری اخراجات کرتے ہیں لیکن ٹیکس گوشوارے جمع نہیں کراتے۔ شادیوں میں 20، 20 ہزار ڈالر مالیت کے مہنگے سوٹ پہننے والے بھی ایف بی آر کی نظر میں آ گئے ہیں۔
ایف بی آر کے مطابق دولت کی نمائش کرنے والے افراد کو لازمی طور پر اپنے ذرائع آمدن واضح کرنا ہوں گے۔ اگر ظاہر کی گئی آمدن اور اخراجات میں فرق سامنے آیا تو ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
مزید برآں ایف بی آر گزشتہ سال کے جمع شدہ ٹیکس گوشواروں کا اس سال کے گوشواروں سے موازنہ کرے گا۔ اگر کسی شخص نے آمدن میں اضافہ ظاہر نہیں کیا لیکن مسلسل پرتعیش زندگی گزار رہا ہے یا سوشل میڈیا پر اپنی عیاشیاں اور تقریبات کی نمائش کرتا ہے تو اس کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف بی آر کا یہ اقدام نان فائلرز اور ٹیکس چوروں کے خلاف مہم کا حصہ ہے تاکہ قومی خزانے میں اضافہ کیا جا سکے اور ٹیکس کے دائرہ کار کو مزید بڑھایا جا سکے۔