سیلاب سے متاثرہ کسانوں کے لئے اہم خبر

سیلاب  سے متاثرہ کسانوں  کے لئے اہم خبر

حکومت نے حالیہ سیلاب سے متاثرہ کسانوں پر مالی بوجھ کم کرنے کے لیے مختلف تجاویز پر غور شروع کر دیا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت حالیہ کابینہ اجلاس میں ارکان نے تجویز دی کہ زرعی ترقیاتی بینک لمیٹڈ کے قرض داروں کو ریلیف دیا جائے، جس میں یا تو قرض معاف کیا جائے، اقساط کو ری شیڈول کیا جائے یا سود کی ادائیگی سے مستثنیٰ قرار دیا جائے۔ یاد رہے کہ زرعی ترقیاتی بینک زرعی شعبے کے لیے مالی معاونت کا ایک اہم ذریعہ ہے۔

کابینہ ارکان نے زور دیا کہ زراعت اور موسمیاتی تبدیلی صوبائی امور ہیں، اس لیے ان شعبوں میں کوئی بھی نیا پروگرام صوبوں کی مشاورت اور مالی معاونت سے ترتیب دیا جانا چاہیے۔ وفاقی سطح پر محدود مالی گنجائش کے پیش نظر ارکان نے کہا کہ کوئی بھی ہنگامی منصوبہ ایک واضح اور قابل عمل حکمت عملی کے ساتھ ہونا چاہیے، جو زرعی ریلیف اور موسمیاتی تبدیلی دونوں پہلوؤں کو کور کرے۔

شرکاء نے یہ بھی تجویز دی کہ قلیل مدتی اور طویل مدتی اقدامات کیے جائیں تاکہ سیلاب متاثرہ کسانوں کو فوری ریلیف فراہم ہو سکے اور زراعت پر موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کو کم کیا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعلیٰ پنجاب کا سیلاب سے متاثرہ کسانوں کیلئے 20 ہزار روپے فی ایکڑ امداد کا اعلان

مزید برآں، کابینہ نے تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی کو وسائل پر دباؤ اور موسمیاتی حساسیت میں اضافے کی ایک بڑی وجہ قرار دیا اور اس مسئلے سے نمٹنے کے لیے ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دینے کی تجویز دی۔

یہ کمیٹی وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کی سربراہی میں قائم کی جائے گی، جس میں تمام صوبوں کے چیف سیکرٹریز شامل ہوں گے تاکہ زراعت اور موسمیاتی ایمرجنسی سے نمٹنے کے لیے ٹھوس اقدامات مرتب کیے جا سکیں۔

Related Articles