وادی ناران کے ہوٹل مالکان نے سیاحت کے عالمی دن کے موقع پر سیاحوں کے لیے خصوصی رعایتی پیکج کا اعلان کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق ناران، جو اپنے قدرتی اور طلسماتی حسن کی بدولت ملکی و غیر ملکی سیاحوں کی توجہ کا مرکز رہتا ہے، میں ہوٹل مالکان نے کمروں اور جیب کرائے پر 50 فیصد ڈسکاؤنٹ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
ناران آنے والے سیاحوں نے اس اقدام کا خیرمقدم کیا ہے۔ اس موقع پر غیر ملکی خواتین سیاح بھی وادی ناران میں موجود ہیں، جہاں وہ قدرتی مناظر سے لطف اندوز ہو رہی ہیں۔
سیاحتی ماہرین کا کہنا ہے کہ ایسے اقدامات نہ صرف سیاحوں کو سہولت فراہم کرتے ہیں بلکہ پاکستان کے سیاحتی مقامات کی کشش میں بھی اضافہ کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے قدرتی حسن کو دنیا بھر میں اجاگر کرنے کے لیے حکومتی سطح پر مزید ٹھوس اور غیر معمولی اقدامات کرنے کی اشد ضرورت ہے تاکہ عالمی سطح پر سیاحت کو فروغ مل سکے۔