فائنل سے قبل چیئرمین پی سی بی کا شاہینوں کو اہم پیغام،بھارتی کرکٹ بورڈ میں بڑی تبدیلی

فائنل سے قبل چیئرمین پی سی بی کا شاہینوں کو اہم پیغام،بھارتی کرکٹ بورڈ میں بڑی تبدیلی

چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کو بھارت کے خلاف ایشیا کپ کے فائنل میں کھل کر کھیلنے کی ترغیب دی ہے۔

ذرائع کے مطابق محسن نقوی نے کھلاڑیوں کو پیغام بھیجا کہ وہ بھارتی ٹیم کے خلاف دلیرانہ انداز میں کھیلیں اور کسی بھی چیز کی فکر نہ کریں، کیونکہ وہ تمام معاملات سنبھال لیں گے۔

ایشیا کپ فائنل سے قبل پاکستان کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے بھی کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی اور کہا کہ ٹیم نے اس ٹورنامنٹ اور اس سے پہلے جو جوش و جذبہ دکھایا اس پر فخر ہے۔

انہوں نے یقین دلایا کہ اگرچہ ہمارا کھیل ہمیشہ بہترین نہیں رہا، لیکن ٹیم نے کبھی ہار نہیں مانی،مائیک ہیسن نے مزید کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان ایشیا کپ کے فائنل تک پہنچنے میں 41 سال کا عرصہ لگا اور آج کا میچ شائقین کے لیے ایک شاندار موقع ہوگا۔

واضح رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان ایشیا کپ کا فائنل آج دبئی میں کھیلا جائے گا، اور یہ پہلا موقع ہے کہ دونوں روایتی حریف ٹورنامنٹ کی 41 سالہ تاریخ میں فائنل میں آمنے سامنے ہوں گے۔

یہ خبر بھی پڑھیں :پاک بھارت فائنل سے قبل ہلچل! بھارتی میڈیا کا اپنی ٹیم پر تحفظات کا اظہار

ادھر فائنل سے قبل بھارت کے کرکٹ بورڈ بی سی سی آئی میں اہم تبدیلیاں سامنے آئی ہیں، بھارتی میڈیا کے مطابق بورڈ کے نئے صدر اور نائب صدر کا انتخاب مکمل ہو چکا ہے۔یہ اعلان ایسے وقت میں ہوا ہے جب پاکستان اور بھارت آج دبئی میں ایشیا کپ 2025 کے فائنل میں آمنے سامنے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق دہلی کیپیٹلز کے سابق کپتان اور فرسٹ کلاس کرکٹر متھن منہاس کو بی سی سی آئی کا نیا صدر منتخب کیا گیا ہے۔اس کے ساتھ راجیو شکلا نائب صدر، دیوجیت سیکیا سکریٹری اور اے رگھو رام خازن کے عہدوں پر فائز ہوئے ہیں۔

متھن منہاس نے یہ ذمہ داری راجر بنی کے استعفے کے بعد سنبھالی جو پچھلے سال بی سی سی آئی کے صدر تھے۔

editor

Related Articles