وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے تعلیمی اداروں میں تین دن کی چھٹیوں کے حوالے سے ضلعی انتظامیہ کا مؤقف سامنے آگیا ہے۔
انتظامیہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ اسلام آباد کے تعلیمی اداروں میں تین دن کی چھٹیوں سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبریں جعلی ہیں۔ چھٹیوں سے متعلق گردش کرنے والا نوٹیفکیشن گزشتہ سال 2024 کا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ شہری جعلی اور بے بنیاد خبروں پر یقین نہ کریں، اسلام آباد کے تمام راستے کھلے ہیں اور تمام ادارے معمول کے مطابق کام کریں گے۔
دوسری جانب پنجاب حکومت نے بھی اعلان کیا ہے کہ کل 14 اکتوبر (منگل) کو صوبے بھر میں تعلیمی ادارے معمول کے مطابق کھلیں گے۔ صوبائی وزیرِ تعلیم رانا سکندر حیات نے کہا کہ صوبے کے تمام اسکول، کالجز اور جامعات معمول کے مطابق تعلیمی سرگرمیاں جاری رکھیں گے۔
ادھر جامعہ پنجاب میں کل فیزیکل کلاسز ملتوی کر دی گئی ہیں۔ ترجمان پنجاب یونیورسٹی کے مطابق ایل ایل بی فائنل امتحانات ملتوی کیے جانے کے بعد 14 اکتوبر کو ہونے والی تمام کلاسز آن لائن ہوں گی، مارننگ اور ایوننگ شفٹ کے طلبہ آن لائن کلاسز لیں گے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ حالات معمول پر آتے ہی تعلیمی سرگرمیاں حسبِ معمول جاری رہیں گی، جب کہ 14 اکتوبر کے سمسٹر امتحانات کو دوبارہ شیڈول کیا جائے گا۔
اسی طرح یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی (یو ای ٹی) میں بھی فیزیکل کلاسز ملتوی کر دی گئی ہیں۔ ترجمان کے مطابق یو ای ٹی میں مارننگ اور ایوننگ شفٹ کی کلاسز آن لائن ہوں گی۔