ایپل کا 110 ممالک میں آئی فون صارفین کو خطرناک سیکیورٹی الرٹ

ایپل کا 110 ممالک میں آئی فون صارفین کو خطرناک سیکیورٹی الرٹ

ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے دنیا کے 110 ممالک میں بعض آئی فون صارفین کو خطرناک سیکیورٹی الرٹس بھیجے ہیں، جن میں انہیں خبردار کیا گیا ہے کہ ان کی ڈیوائس کو ممکنہ طور پر مرسنری اسپائی ویئر حملے کا نشانہ بنایا گیا ہے۔

ایپل کی جانب سے صارفین کو بھیجے گئے نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ کمپنی نے ان کے آئی فون کو ہدف بنانے والے مرسنری اسپائی ویئر حملے کا پتا لگایا ہے، جس کے بعد صارفین کو اپنے ڈیٹا اور ڈیوائس کے تحفظ کے لیے فوری اقدامات کرنے چاہئیں۔

خطرناک سائبر حملہ

یہ الرٹس ایپل کے جدید سیکیورٹی فیچرز کا حصہ ہیں، جنہیں طاقتور اور پیچیدہ سائبر حملوں کی نشاندہی کرنے اور ممکنہ طور پر متاثر ہونے والے صارفین کو بروقت خبردار کرنے کے لیے متعارف کرایا گیا ہے۔

ماہرین کے مطابق مرسنری اسپائی ویئر عام سائبر حملوں کے مقابلے میں انتہائی جدید، پیچیدہ اور مہنگا ہوتا ہے، جسے مخصوص افراد کو ہدف بنانے کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے۔

2021 سے تھریٹ نوٹیفکیشنز

ایپل نے پہلی مرتبہ 2021 میں تھریٹ نوٹیفکیشنز کا سلسلہ شروع کیا تھا، اس کے بعد کمپنی مختلف مواقع پر دنیا کے 150 سے زائد ممالک میں صارفین کو ایسے سیکیورٹی الرٹس بھیج چکی ہے۔

مخصوص افراد نشانے پر

ایپل کے مطابق یہ نوٹیفکیشنز ان صارفین کو آگاہ اور مدد فراہم کرنے کے لیے جاری کیے جاتے ہیں جنہیں ان کی شناخت، پیشہ ورانہ سرگرمیوں یا دیگر وجوہات کی بنیاد پر ممکنہ طور پر مرسنری اسپائی ویئر حملوں میں انفرادی طور پر نشانہ بنایا گیا ہو۔

کمپنی کی جانب سے ایسے الرٹ کا موصول ہونا عام سیکیورٹی وارننگ سے زیادہ سنگین معاملہ سمجھا جاتا ہے، کیونکہ اس کا مطلب ہوسکتا ہے کہ صارف کو انتہائی جدید سائبر حملے کا ہدف بنایا گیا ہے۔

صارفین کو فوری اقدامات کا مشورہ

ماہرین نے ایسے صارفین کو مشورہ دیا ہے جنہیں ایپل کی جانب سے یہ سیکیورٹی الرٹ موصول ہوا ہے کہ وہ اسے معمولی وارننگ سمجھ کر نظر انداز نہ کریں بلکہ کمپنی کی تجویز کردہ حفاظتی ہدایات پر فوری عمل کریں۔

صارفین کو اپنی ڈیوائس اور ذاتی ڈیٹا کے تحفظ کے لیے آئی فون کو جدید ترین سافٹ ویئر پر اپ ڈیٹ رکھنے اور ایپل کی جانب سے فراہم کردہ سیکیورٹی اقدامات پر عمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

editor

Related Articles