نائیکوپ کارڈ رکھنے والے پاکستانی شہریوں کےلیے بڑی خوشخبری

نائیکوپ کارڈ رکھنے والے پاکستانی شہریوں کےلیے  بڑی خوشخبری

نادرا نے نائیکوپ رکھنے والے پاکستانی شہریوں کے لیے بڑی سہولت فراہم کر دی ہے، اب وفات کی صورت میں نائیکوپ کارڈ منسوخی کی فیس ختم کر دی گئی ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی ہدایت پر نیشنل ڈیٹابیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے یہ اقدام اس لیے اٹھایا ہے تاکہ وفات کا بروقت اندراج یقینی بنایا جا سکے۔

نادرا کے مطابق، متوفی شخص کے قریبی رشتے دار یا اولاد میں سے کوئی بھی فرد نائیکوپ منسوخی کی درخواست دے سکتا ہے۔

سب سے پہلے متوفی کے والدین، بہن، بھائی (ایلفا فیملی) یا بیوی، خاوند اور اولاد (بیٹا فیملی) میں سے کوئی ایک فرد متوفی کی وفات کو متعلقہ یونین کونسل یا پاکستانی سفارت خانے میں رجسٹرڈ کروائے گا۔

وفات کی رجسٹریشن کے بعد نائیکوپ کی منسوخی پاک آئی ڈی موبائل ایپ کے ذریعے یا قریبی نادرا مرکز میں جا کر بغیر کسی فیس کے کرائی جا سکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: نادرا کاایک اور اہم اقدام: شہریوں کو گھر بیٹھے شکایات کے فوری ازالے کی سہولت

نادرا کی جانب سے متوفی کا نائیکوپ کارڈ جمع کروانے کی شرط بھی ختم کر دی گئی ہے۔

نائیکوپ (NICOP) کا مطلب نیشنل آئیڈینٹیٹی کارڈ فار اوورسیز پاکستانیز ہے، جو نادرا (نیشنل ڈیٹابیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی) کی جانب سے بیرونِ ملک مقیم پاکستانی شہریوں کو جاری کیا جاتا ہے۔ یہ کارڈ اُن افراد کے لیے ہوتا ہے جو پاکستانی شہریت رکھتے ہیں لیکن کسی دوسرے ملک میں رہائش پذیر ہیں یا وہاں کام کرتے ہیں۔ نائیکوپ، قومی شناختی کارڈ (CNIC) کی طرح ایک اہم سرکاری دستاویز ہے جو بیرونِ ملک پاکستانیوں کی شناخت اور قانونی حیثیت کی تصدیق کرتا ہے۔

نائیکوپ کارڈ رکھنے والے پاکستانی شہری ویزا کے بغیر پاکستان میں داخل ہو سکتے ہیں، بینک اکاؤنٹ کھول سکتے ہیں، جائیداد خرید سکتے ہیں اور دیگر قانونی و سرکاری سہولیات سے استفادہ حاصل کر سکتے ہیں۔ اس کارڈ کی بدولت بیرونِ ملک پاکستانیوں کے لیے مختلف سرکاری خدمات تک رسائی آسان بنائی گئی ہے، جیسے پاسپورٹ بنوانا، ووٹنگ کے اندراجات اور دیگر شناختی امور۔

نادرا کی جانب سے نائیکوپ کارڈ کو جدید سیکیورٹی فیچرز کے ساتھ تیار کیا جاتا ہے تاکہ معلومات محفوظ رہیں۔ حال ہی میں نادرا نے نائیکوپ ہولڈرز کے لیے مزید سہولت دیتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ وفات کی صورت میں کارڈ منسوخی پر کوئی فیس وصول نہیں کی جائے گی، اور متوفی کا اصل کارڈ جمع کرانے کی شرط بھی ختم کر دی گئی ہے۔

Related Articles