عوام نے فیصلہ سنا دیا کہ وہ انتشار نہیں بلکہ استحکام چاہتے ہیں۔ تحریک لبیک پاکستان اپنے شرپسند عزائم میں مکمل طور پر ناکام ہو گئی۔ شہریوں اور تاجر برادری نے بعض شرپسند عناصر کی جانب سے دی گئی ہڑتال کی کال کو مکمل طور پر مسترد کر دیا۔
اسلام آباد، لاہور، پشاور، کوئٹہ اور کراچی سمیت ملک بھر کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں زندگی معمول کے مطابق رواں دواں ہے۔ موٹرویز، جی ٹی روڈ، رنگ روڈز سمیت شہروں اور دیہاتوں کی تمام شاہراہیں ٹریفک کے لیے کھلی ہیں اور کسی بھی جگہ ٹریفک یا معمولات زندگی میں کوئی تعطل پیدا نہیں ہوا۔
تمام دفاتر، تعلیمی ادارے، بڑی مارکیٹیں، کاروباری مراکز اور سبزی منڈیاں حسب معمول کھلی رہیں۔ علماء کرام اور مشائخ کی اکثریت نے عوام سے پرامن رہنے اور شرپسند عناصر سے دور رہنے کی اپیل کی۔
پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے مکمل طور پر چوکس ہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں۔ ملک بھر میں امن و امان کی صورتحال قابو میں ہے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
ملک کے کسی بھی حصے میں تحریک لبیک پاکستان کے حق میں عوام باہر نہیں نکلے۔ پاکستانی عوام نے شرپسندی اور انتشار کے ایجنڈے کو مکمل طور پر مسترد کرتے ہوئے امن، استحکام اور ترقی کی راہ اپنانے کا واضح پیغام دے دیا۔