افغان طالبان رجیم نے قطر سے پاکستان کیساتھ ثالثی کی درخواست کر دی

افغان طالبان رجیم نے قطر سے پاکستان کیساتھ ثالثی کی درخواست کر دی

افغان طالبان کی عبوری حکومت نے پاکستان سے مذاکرات کے لیے قطری حکومت سے رابطہ کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق طالبان رجیم نے قطر سے درخواست کی کہ وہ پاکستان کے ساتھ ثالثی کا کردار ادا کرے۔ افغان طالبان کی درخواست پر قطر نے حکومتِ پاکستان سے رابطہ کیا اور ان کا پیغام اسلام آباد تک پہنچایا۔

پاکستان نے برادر ملک قطر کی ثالثی کی پیشکش کا احترام کرتے ہوئے واضح مؤقف اختیار کیا کہ اگر افغان سرزمین پاکستان میں دہشت گردی کے لیے استعمال ہوتی رہی تو مذاکرات ممکن نہیں ہوں گے۔

پاکستان نے یہ بھی واضح کیا کہ افغان طالبان رجیم کو اپنی سرزمین دہشت گردی کے لیے استعمال ہونے سے روکنے کے لیے عملی اور مؤثر اقدامات کرنے ہوں گے۔ پاکستان نے دوٹوک مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے اندر ٹی ٹی پی یا دیگر خوارج کی جانب سے کسی بھی دہشت گردی کی صورت میں فوری اور بھرپور جواب دیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: پاک فوج اور پاک فضائیہ کی افغانستان میں جوابی کارروائی، گل بہادر گروپ کے ٹھکانے تباہ، اہم کمانڈر سمیت 100 سے زائد دہشت گرد ہلاک

ذرائع کے مطابق افغان میڈیا نے مذاکرات کے حوالے سے منفی پروپیگنڈا شروع کر دیا ہے اور دعویٰ کیا ہے کہ پاکستانی وفد دوحا پہنچ چکا ہے، تاہم حقیقت میں پاکستانی وفد کل قطر روانہ ہوگا۔

افغان عبوری حکومت کی درخواست پر پاکستان نے عارضی جنگ بندی میں بھی توسیع کر دی ہے۔ یہ توسیع دوحا میں ہونے والے مذاکرات کے اختتام تک جاری رہے گی۔ اس سے قبل 48 گھنٹے کی جنگ بندی آج شام 6 بجے ختم ہو رہی تھی۔

Related Articles