وکٹ کیپر، بلے باز محمد رضوان قومی ون ڈے ٹیم کے کپتان رہیں گے یا نہیں؟ اس حوالے سے فیصلہ آج ہو گا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے آج سلیکشن اور ایڈوائزری کمیٹی کا مشترکہ اجلاس طلب کر رکھا ہے، اجلاس میں محمد رضوان کو کپتان برقرار رکھنے یا نہ رکھنے سے متعلق فیصلہ ہو گا۔
قومی وائٹ بال ہیڈ کوچ مائیک ہیسن کی سفارش پر ون ڈے ٹیم کی کپتانی سے متعلق اجلاس بلایا گیا ہے، مشترکہ اجلاس میں جنوبی افریقہ کے خلاف ون ڈے سیریز کیلئے کپتان کا فیصلہ کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق پاکستان وائٹ بال ٹیم کے غیر ملکی کوچ مائیک ہیسن کسی اور سینئر پلیئر کو ذمہ داری سونپنے کے حق میں ہیں۔
ذرائع کے مطابق ورلڈ کپ 2027ء کو مدِنظر رکھتے ہوئے قومی ٹیم کے کپتان کی تبدیلی کے حوالے سے معاملہ اٹھایا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق شاہین آفریدی اور سلمان علی آغا بھی قومی ون ڈے ٹیم کی کپتانی کے امیدوار ہیں ، محمد رضوان کو گزشتہ سال 27 اکتوبر کو قومی ون ڈے ٹیم کا کپتان بنایا گیا تھا۔
محمد رضوان پاکستان ون ڈے ٹیم کی قیادت کرنے والے 31 ویں کپتان بنے تھے، ان کی قیادت میں پاکستان نے آسٹریلیا کو آسٹریلیا میں 22 سال بعد سیریز میں شکست دی۔
بطور کپتان محمد رضوان جنوبی افریقہ اور زمبابوے کو بھی ون ڈے سیریز میں شکست دے چکے ہیں، ان کی کپتانی میں پاکستان کو چیمپینز ٹرافی، تین ملکی سیریز اور ویسٹ انڈیز کے خلاف شکست کا بھی سامنا کرنا پڑا ۔