فلپائن میں طوفان کالمیگی نے تباہی مچادی ، 140 ہلاک، درجنوں لاپتہ

فلپائن میں طوفان کالمیگی نے تباہی مچادی ، 140 ہلاک، درجنوں لاپتہ

فلپائن میں آنے والے تباہ کن سمندری طوفان کالمیگی نے ملک کے وسطی حصوں میں شدید تباہی مچادی، جس کے نتیجے میں کم از کم 140 افراد ہلاک اور درجنوں لاپتہ ہوگئے ہیں۔

 غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق طوفان کے باعث آنے والے سیلاب اور تیز ہواؤں نے شہر سیبو سمیت قریبی جزائر کو بری طرح متاثر کیا ہے، جہاں مکانات، گاڑیاں اور شپنگ کنٹینرز بہہ گئے۔

 کالمیگی کو سال 2025 کا سب سے خطرناک سمندری طوفان قرار دیا جارہا ہے،  جزیرہ سیبو سب سے زیادہ متاثر ہوا جہاں 39 افراد ملبے تلے دب کر یا پانی میں ڈوب کر ہلاک ہوئے، جبکہ بوہول جزیرے سے بھی ایک ہلاکت کی اطلاع موصول ہوئی ہے۔

 مقامی حکام کے مطابق اب تک 10 ہزار سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے، تاہم متعدد علاقے تاحال زیرِ آب ہیں۔

مزید پڑھیں: بھارت کی آبی جارحیت جاری، دریائے چناب میں ایک بار پھر بڑا سیلابی ریلا چھوڑ دیا

سیلاب اور تیز ہواؤں کے باعث کئی شہروں میں بجلی اور ٹیلی فون سروس مکمل طور پر معطل ہوچکی ہے ، متاثرہ علاقوں میں ریسکیو ٹیمیں امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں، لیکن ملبے اور ٹوٹی سڑکوں کے باعث امدادی سرگرمیوں میں مشکلات درپیش ہیں۔

طوفان کے دوران 140 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہواؤں نے عمارتوں اور درختوں کو جڑ سے اکھاڑ دیا ،  صدر فردینانڈ مارکوس جونیئر نے صورتحال کی سنگینی کے پیشِ نظر ملک بھر میں ایمرجنسی نافذ کر دی ہے اور متاثرہ علاقوں میں ہنگامی امداد کی فراہمی کا حکم دیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق تباہی مچانے کے بعد طوفان کالمیگی اب ویتنام کی جانب بڑھ رہا ہے، جہاں حکام نے الرٹ جاری کرتے ہوئے دو لاکھ ساٹھ ہزار سے زائد فوجی و ریسکیو اہلکار تعینات کر دیے ہیں۔ ساحلی علاقوں سے لوگوں کے انخلا کا عمل جاری ہے، جب کہ ہوائی اڈے اور اہم شاہراہیں احتیاطاً بند کر دی گئی ہیں۔

editor

Related Articles