پیپلزپارٹی نے فیصل راٹھور کو وزیر اعظم آزاد کشمیرکے لئے نامزد کردیاہےآزاد کشمیر کی سیاست میں فیصل ممتاز راٹھور ایک ایسے سیاسی رہنما کے طور پر ابھرے ہیں جنہوں نے نہ صرف اپنے خاندان کی سیاسی وراثت کو آگے بڑھایا بلکہ اپنی مستقل مزاجی، بردباری اور عوامی رابطوں کی بدولت خود کو ایک سنجیدہ اور باوقار سیاسی شخصیت کے طور پر منوایا۔
گیارہ اپریل 1978 کو راولپنڈی میں پیدا ہونے والے فیصل ممتاز راٹھور معروف سیاسی خاندان سے تعلق رکھتے ہیں وہ سابق وزیراعظم آزاد کشمیر ممتاز حسین راٹھور مرحوم کے صاحبزادے ہیں جبکہ ان کی والدہ بیگم فرحت راٹھور بھی قانون ساز اسمبلی کی رکن اور پیپلز پارٹی شعبہ خواتین کی صدر رہ چکی ہیں۔
راٹھور خاندانکا پاکستان پیپلز پارٹی کے بانی اور قدیمی سیاسی خاندانوں میں شمار ہوتا ہے فیصل راٹھور نے ابتدائی تعلیم راولپنڈی میں حاصل کی جبکہ گریجویشن پنجاب یونیورسٹی سے کی۔
ان کے والد ممتاز حسین راٹھور نے طویل عرصے تک کشمیر کی سیاست میں مرکزی کردار ادا کیا اور 1975 سے 1996 تک مختلف ادوار میں سینئر وزیر، وزیراعظم، اپوزیشن لیڈر اور اسپیکر اسمبلی جیسے اہم منصب سنبھالے۔
ممتاز حسین راٹھور کی وفات کے بعد 1999 میں ان کے بڑے صاحبزادے مسعود ممتاز راٹھور اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے جبکہ فیصل ممتاز راٹھور نے براہِ راست سیاست میں قدم 2006 کے انتخابات میں حویلی کہوٹہ سے رکھا۔
وہ پہلی بار 2011 میں پیپلز پارٹی کے پلیٹ فارم سے ممبر قانون ساز اسمبلی منتخب ہوئے اور چوہدری عبدالمجید کی کابینہ میں وزیرِ اکلاس اور وزیرِ برقیات کی ذمہ داریاں انجام دیں۔
سال 2016 میں فیصل راٹھور ایک سیاسی مقدمے میں گرفتار ہوئے مگر بعدازاں عدالت سے باعزت بری قرار پائے 23 مارچ 2017 کو انہیں پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کا سیکرٹری جنرل مقرر کیا گیا جو عہدہ وہ آج تک سنبھالے ہوئے ہیں۔
گز شتہ انتخابات میں وہ دوسری مرتبہ قانون ساز اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے اور ایوان میں فعال اپوزیشن کا کردار ادا کیا فیصل ممتاز راٹھور کو 2023 میں چوہدری انوار الحق کی اتحادی حکومت میں وزیرِ لوکل گورنمنٹ اینڈ رورل ڈیولپمنٹ بنایا گیا۔
اسی حکومت میں انہیں عوامی ایکشن کمیٹی کے ساتھ مذاکراتی کمیٹی کا سربراہ بھی مقرر کیا گیا جہاں انہوں نے تحمل، شائستگی اور مفاہمت کی سیاست کے ذریعے نمایاں کامیابیاں سمیٹیں۔
سیاسی اور عسکری حلقوں کے علاوہ عوام میں بھی فیصل ممتاز راٹھور اپنی نرم گفتار، متوازن سوچ اور غیر متنازعہ شخصیت کے باعث وسیع احترام رکھتے ہیں۔
وہ ملکی میڈیا کا بھی تجربہ رکھتے ہیں پارٹی میں وہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور محترمہ فریال تالپور کے انتہائی قابلِ اعتماد رہنماؤں میں شمار ہوتے ہیں جبکہ نظریاتی اور متوسط طبقے کی نمائندگی ان کی سیاسی شناخت کا اہم حصہ ہے فیصل ممتاز راٹھور کو آزاد کشمیر میں مستقبل کی کامیاب اور مؤثر قیادت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے اور ان کی سیاسی جدوجہد آج بھی بھرپور انداز میں جاری ہے۔