آئی سی سی کی تازہ رینکنگ جاری، بابراعظم اور ابرار احمد اہم پوزیشنز پرآگئے

آئی سی سی کی تازہ رینکنگ جاری، بابراعظم اور ابرار احمد اہم پوزیشنز پرآگئے

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی ) نے کھلاڑیوں کی تازہ ترین رینکنگ جاری کر دی ہے، جس کے بعد ونڈے بیٹنگ اور بولنگ چارٹس میں نمایاں تبدیلیاں سامنے آئی ہیں۔

نیوزی لینڈ کے ڈیرل مچل نے شاندار ترقی کرتے ہوئے ونڈے فارمیٹ میں بیٹرز کی رینکنگ میں نمبر ون پوزیشن حاصل کر لی ہے اور یوں وہ بھارت کے روہت شرما کو پہلی پوزیشن سے ہٹانے میں کامیاب رہے ہیں۔ مچل یہ اعزاز حاصل کرنے والے نیوزی لینڈ کے صرف دوسرے بیٹر بن گئے ہیں۔ اس سے قبل 1979 میں گلین ٹرنر نمبر ون رہے تھے۔

یہ بھی پڑھیں:آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ جاری، پاکستانی کھلاڑی ٹاپ ٹین سے آئوٹ

پاکستان کے بابراعظم کی رینکنگ میں بھی بہتری آئی ہے اور وہ ایک درجہ ترقی کے بعد چھٹے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ آغا سلمان اپنی 15ویں پوزیشن پر برقرار ہیں، جبکہ محمد رضوان اور فخر زمان نے شاندار پیش رفت کرتے ہوئے 5، 5 درجوں کی ترقی حاصل کی ہے۔ رضوان اب 22ویں اور فخر زمان 26ویں نمبر پر آ گئے ہیں۔

ونڈے بولنگ رینکنگ میں افغانستان کے راشد خان بدستور سرفہرست ہیں۔ پاکستان کے ابرار احمد نے 11 درجوں کی زبردست چھلانگ لگاتے ہوئے پہلی بار ٹاپ 10 میں جگہ بنا لی ہے اور وہ اب 9 ویں نمبر پر موجود ہیں۔ دوسری جانب شاہین شاہ آفریدی کی رینکنگ میں تنزلی ہوئی ہے اور وہ 5 درجے نیچے آ کر 21ویں مقام پر چلے گئے ہیں۔

مزید پڑھیں:’بھارت ہے، نرمی برتو‘، سابق میچ ریفری کرس براڈ کے ’آئی سی سی ‘ کی بھارت نوازی سے متعلق چونکا دینے والے انکشافات

اس سے قبل 16نومبر کو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل  نے ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ 2025-2027 کے لیے تازہ ترین پوائنٹس ٹیبل جاری کیا تھا، جس میں پاکستان نے شاندار آغاز کرتے ہوئے دوسری پوزیشن حاصل کر لی تھی۔

یہ بھی پڑھیں:ناقص کارکردگی پر آئی سی سی رینکنگ میں پاکستانی کھلاڑیوں کی تنزلی

پاکستان نے جنوبی افریقہ کے خلاف پہلا ٹیسٹ میچ جیت کر نہ صرف 12 قیمتی پوائنٹس حاصل کیے، بلکہ 100 فیصد پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل پر دوسرے نمبر پر آ گیا ہے۔ پاکستان کی اس فتح نے ٹیم کے حوصلے بلند کر دیے ہیں اور شائقین کو بھی مستقبل میں بہتر کارکردگی کی امید دلائی ہے۔

آسٹریلیا بدستور ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کے پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست ہے۔ کینگروز نے اب تک کی اپنی کارکردگی سے دیگر ٹیموں پر سبقت حاصل کی ہوئی ہے، تاہم پاکستان کی کامیابی نے مقابلے کو مزید دلچسپ بنا دیا ہے، پاکستان اب بھارت کو مات دیتے ہوئے دوسری پوزیشن پر آ گیا ہے۔

Related Articles